کلمہ کفر کی مثال
کلمہ کفر ، جھوٹی بات اور ہر ایک کلام جو خدا تعالیٰ کی مرضی کے خلاف ہو "کلمہ خبیثہ" میں داخل ہے۔
اکثر نے اس سے حنظل (اندراین) مراد لیا ہے ۔ گو عموم لفظ میں ہر خراب درخت شامل ہو سکتا ہے۔
یعنی جڑ کچھ نہ ہو ، ذرا اشارہ سے اکھڑ جائے ۔ گویا اس کے بودے پن اور ناپائداری کو ظاہر فرمایا، دونوں مثالوں کا حاصل یہ ہوا کہ مسلمانوں کا دعوئے توحید و ایمان پکا اور سچا ہے ۔ جس کے دلائل نہایت صاف و صحیح اور مضبوط ہیں ، موافق فطرت ہونے کہ وجہ سے اس کی جڑیں قلوب کی پہنائیوں میں اتر جاتی ہیں اور اعمال صالحہ کی شاخیں آسمان قبول سے جا لگتی ہیں۔ اِلَیۡہِ یَصۡعَدُ الۡکَلِمُ الطَّیِّبُ وَ الۡعَمَلُ الصَّالِحُ یَرۡفَعُہٗ فاطر۔۱۰) اس کے لطیف و شیریں ثمرات سے موحدین کے کام و دہن ہمیشہ لذت اندوز ہوتے ہیں۔ الغرض حق و صداقت اور توحید و معرفت کا سدا بہار درخت روز بروز پھولتا پھلتا اور بڑی پائداری کے ساتھ اونچا ہوتا رہتا ہے اس کے برخلاف جھوٹی بات اور شرک و کفر کے دعوئے باطل کی جڑ بنیاد کچھ نہیں ہوتی ۔ ہوا کے ایک جھٹکے میں اکھڑ کر جا پڑتا ہے۔ ناحق بات ثابت کرنے میں خواہ کتنے ہی زور لگائے جائیں۔ لیکن انسانی ضمیر اور فطرت کے خلاف ہونے کی وجہ سے اس کی جڑیں دل کی گہرائی میں نہیں پہنچتیں۔ تھوڑا دھیان کرنے سے غلط معلوم ہونے لگتی ہے ۔ اسی لئے مشہور ہے کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے یعنی سچ کی طرح اپنے پاؤں نہیں چلتا۔ نہ اس سے دل میں نور پیدا ہوتا ہے۔ امام فخرالدین رازی نے صوفیہ کے طرز پر ان مثالوں کے بیان میں بہت اطناب سےکام لیا ہے یہاں اس کے نقل کی گنجائش نہیں۔