مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ ابراہیم آیت 30 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَجَعَلُوا۟ لِلَّهِ أَندَادًا لِّيُضِلُّوا۟ عَن سَبِيلِهِۦ ۗ قُلْ تَمَتَّعُوا۟ فَإِنَّ مَصِيرَكُمْ إِلَى ٱلنَّارِ ﴿٣٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

کفار کی ناشکری انکی تباہی ہے

یعنی خدا کے احسانات سے متاثر ہو کر منعم حقیقی کی شکر گذاری اور اطاعت شعاری میں لگے ۔ یہ تو نہ ہوا ، الٹے بغاوت پر کمر بستہ ہو گئے خدا کے مقابل دوسری چیزیں کھڑی کر دیں جن پر خدائی اختیارات تقسیم کئے اور عبادت جو خدائے واحد کا حق تھا ، وہ مختلف عنوانوں سے ان کے لئے ثابت کرنے لگے ، تا اس سلسلہ میں اپنے ساتھ دوسروں کی راہ ماریں اور انہیں بہکا کر اپنے دام سیادت میں پھنسائے رکھیں ۔

یعنی بہتر ہے ۔ بیوقوفوں کو جال میں پھنسا کر چند روز جی خوش کر لو اور دنیا کے مزے اڑا لو ، مگر تابکے آخر دوزخ کی آگ میں ہمیشہ رہنا ہے کیونکہ اس مزے اڑانے کا یہ ہی نتیجہ ہو گا ۔ گویا یہ جملہ ایسا ہوا جیسے طبیب کسی بد پرہیز مریض کو خفا ہو کر کہے کُلْ مَا تُرِیْدُ فَاِنَّ مَصِیْرَکَ اِلٰی الْمَوْتِ جو تیرا جی چاہے کھا کیونکہ ایک دن یہ مرض تیری جان لے کر رہے گا۔