مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ ابراہیم آیت 31 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

قُل لِّعِبَادِىَ ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ يُقِيمُوا۟ ٱلصَّلَوٰةَ وَيُنفِقُوا۟ مِمَّا رَزَقْنَـٰهُمْ سِرًّا وَعَلَانِيَةً مِّن قَبْلِ أَن يَأْتِىَ يَوْمٌ لَّا بَيْعٌ فِيهِ وَلَا خِلَـٰلٌ ﴿٣١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

مومنین کو نصیحت و تنبیہ

کفار کے احوال ذکر کرنے کے بعد مومنین مخلصین کو متنبہ فرماتےہیں کہ وہ پوری طرح بیدار رہیں ، وظائف عبودیت میں ذرا فرق نہ آنے دیں ، دل و جان سے خالق کی عبادت اور مخلوق کی خدمت کریں کہ وہ بھی بہترین عبادت ہے۔ نمازوں کو ان کے حقوق و حدود کی رعایت کے ساتھ خشوع و خضوع سے ادا کرتے رہیں۔ خدا نے جو کچھ دیا ہے اس کا ایک حصہ خفیہ یا علانیہ مستحقین پر خرچ کریں۔ غرض کفار جو شرک اور کفران نعمت پر تلے ہوئے ہیں ، ان کے بالمقابل مومنین کو جان و مال سے حق تعالیٰ کی اطاعت و شکرگذاری میں مستعدی دکھلانا چاہئے۔

یوم حساب کوئی کسی کے کام نہیں آئے گا

یعنی نماز اور انفاق فی سبیل اللہ وغیرہ نیکیاں اس دن کام آئیں گی، بیع و شراء یا محض دوستانہ تعلقات سے کام نہ نکلے گا۔ یعنی نہ وہاں نیک عمل کہیں سے خرید کر لا سکو گے نہ کوئی ایسا دوست بیٹھا ہے جو بدون ایمان و عمل صالح کے محض دوستانہ تعلقات کی بناء پر نجات کی ذمہ داری کر لے (ربط) پہلے کفار کی ناشکری کا ذکر تھا ، پھر مومنین کو مراسم طاعت کی اقامت کا حکم دے کر شکر گذاری کی طرف ابھارا ۔ آگے چند عظیم الشان نعمائے الہٰیہ کا ذکر فرماتے ہیں جو ہر مومن و کافر کے حق میں عام ہیں ، تا انہیں سن کر مومنین کو شکر گذاری کی مزید ترغیب ہو اور کفار بھی غور کریں تو اپنے دل میں شرمائیں کہ وہ کیسے بڑے منعم و محسن شہنشاہ سےبغاوت کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں خداتعالیٰ کی عظمت و وحدانیت کے دلائل بھی بیان ہو گئے ، ممکن ہے انہیں سن کر کوئی عاقل منصف شرکیات سے باز آ جائے ، یا عظمت و جبروت کے نشانات میں غور کر کے اس کی گرفت اور سزا سے ڈر جائے۔