یا تو قیامت کا دن اور عذاب اخروی مراد ہے یا موت کا وقت اور اس کے سکرات و قبض روح کی شدت یا دنیوی عذاب سے ہلاک ہونے کا دن ارادہ کیا جائے۔
کفار کا مہلت مانگنا
اگر یہ کہنا دنیا میں عذاب یا موت کی شدت دیکھ کر ہو تب تو مطلب ظاہر ہے کہ ابھی چند روز کی ہم کو اور مہلت دیجئے ، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ آئندہ اپنا رویہ درست کر لیں گے ۔ یعنی حق کی دعوت کو قبول کر کے انبیاء کی پیروی اختیار کریں گے ۔ کما قال تعالیٰ حَتّٰۤی اِذَا جَآءَ اَحَدَہُمُ الۡمَوۡتُ قَالَ رَبِّ ارۡجِعُوۡنِ ۔ لَعَلِّیۡۤ اَعۡمَلُ صَالِحًا (المومنون۔۹۹،۱۰۰) اور اگر ان کا یہ مقولہ قیامت کےدن ہو گا تب مہلت طلب کرنے کے معنی یہ ہوں گے کہ ہم کو دوبارہ تھوڑی مدت کے لئے دنیا میں بھیج دیجئے ،پھر دیکھئے ہم کیسی وفاداری دکھلاتے ہیں ،کما قال تعالےٰ وَ لَوۡ تَرٰۤی اِذِ الۡمُجۡرِمُوۡنَ نَاکِسُوۡا رُءُوۡسِہِمۡ عِنۡدَ رَبِّہِمۡ ؕ رَبَّنَاۤ اَبۡصَرۡنَا وَ سَمِعۡنَا فَارۡجِعۡنَا نَعۡمَلۡ صَالِحًا (السجدہ۔۱۲) ۔
یعنی تم وہ ہی تو ہو جن میں کے بعض مغرور و بے باک زبان قال سے اکثر زبان حال سے قسمیں کھاتے تھے کہ ہماری شان و شکوہ کو کبھی زوال نہیں ۔ نہ کبھی مر کر خدا کے پاس جانا ہے۔ وَ اَقۡسَمُوۡا بِاللّٰہِ جَہۡدَ اَیۡمَانِہِمۡ ۙ لَا یَبۡعَثُ اللّٰہُ مَنۡ یَّمُوۡتُ (نحل۔۳۸) یہ ان کے جواب میں خدا کی طرف سےکہا جائے گا۔