کفار کو مسلمان نہ ہونے کی حسرت
یعنی آج منکرین نے قرآن و اسلام جیسی عظیم الشان نعمت الہٰیہ کی قدر نہیں کی لیکن ایسا وقت آنے والا ہے جب یہ لوگ اپنی محرومی پر ماتم کریں گے اور دست حسرت مل کر کہیں گے کاش ہم مسلمان ہوتے وہ وقت کب آئے گا ؟ اس میں اختلاف ہوا ہے ۔ ہم ابن الانباری کے قول کے موافق اس کو عام رکھتے ہیں ۔ یعنی دنیا و آخرت میں جو مواقع کافروں کی نامرادی اور مسلمانوں کی کامیابی پیش آتے رہیں گے ، ہر موقع پر کفار کو رہ رہ کر اپنے مسلمان ہونے کی تمنا اور نعمت اسلام سے محروم رہ جانے کی حسرت ہو گی۔ اس سلسلہ میں پہلا موقع تو "جنگ بدر" کا تھا ، جہاں کفار مکہ نے مسلمانوں کی طرف کھلا ہوا غلبہ اور تائید غیبی دیکھ کر اپنے دلوں میں محسوس کیا کہ جس اسلام نے فقرائے مہاجرین اور اوس و خزرج کے کاشتکاروں کو اونچی ناک والے قریشی سرداروں پر غالب کیا ، افسوس ہم اس دولت سے محروم ہیں۔ اسی طرح اسلامی فتوحات و ترقیات کی ہر ایک منزل پر کفار کو اپنی تہی دستی و حرمان پر پچھتانے اور دل سے اشک حسرت بہانے کا موقع ملتا رہا۔ انتہائی حسرت و افسوس کا مقام وہ ہو گا جب فرشتہ جان نکالنے کےلئے سامنے کھڑا ہے اور عالم غیب کے حقائق آنکھوں سے نظر آ رہے ہیں اس وقت ہاتھ کاٹیں گے اور آرزو کریں گے کہ کاش ہم نے اسلام قبول کر لیا ہوتا کہ آج عذاب بعدالموت سے محفوظ رہ سکتے ۔ اس سے بھی بڑھ کر یاس انگیز نظارہ وہ ہو گا۔ جو طبرانی کی حدیث میں ہے ، نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ میری امت کے بہت سے آدمی اپنے گناہوں کی بدولت جہنم میں جائیں گے اور جب تک خدا چاہے گا وہاں رہیں گے ۔ بعدہٗ مشرکین ان پر طعن کریں گے کہ تمہارے ایمان و توحید نے تم کو کیا فائدہ دیا ؟ تم بھی آج تک ہماری طرح دوزخ میں ہو ، اس پر حق تعالیٰ کسی موحد کو جہنم میں نہ چھوڑے گا ۔ یہ فرما کر نبی کریم ﷺ نے یہ آیت پڑھی ۔ رُبَمَا یَوَدُّ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا لَوۡ کَانُوۡا مُسۡلِمِیۡنَ ۔ گویا یہ آخری موقع ہو گا جب کفار اپنے مسلمان ہونے کی تمنا کریں گے ۔