مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ حجر آیت 26 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَقَدْ خَلَقْنَا ٱلْإِنسَـٰنَ مِن صَلْصَـٰلٍ مِّنْ حَمَإٍ مَّسْنُونٍ ﴿٢٦﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

قصہ آدم علیہ السلام و ابلیس

آیات آفاقیہ کے بعد بعض آیات انفسیہ کو بیان فرماتےہیں جس کے ضمن میں شاید یہ تنبیہ بھی مقصود ہے کہ جس ذات منبع الکمالات نے تم کو ایسے انوکھے طریقہ سے اول پیدا کیا ، دوبارہ پیدا کر کے ایک میدان میں جمع کر دینا کیا مشکل ہے ۔(تنبیہ) آدمی کس قسم کی مٹی سے بنایا گیا: آدمی کی پیدائش کے متعلق یہاں دو لفظ فرمائے ۔ "صلصال" (بجنے والی کھنکھناتی مٹی جو آگ میں پکنے سے اس حالت کو پہنچتی ہے اسی کو دوسری جگہ "کالفخار" فرمایا) اور حَمَاٍمَّسْنُوْنٍ (سڑا ہوا گارا جس سے بو آتی ہو) خیال یہ ہوتا ہے کہ اول سنے ہوئے گارے سے آدم کا پتلا تیار کیا ، پھر جب خشک ہو کر اور پک کر کھن کھن بجنے لگا ، تب مختلف تطورات کے بعد اس درجہ پر پہنچا کہ انسانی روح پھونکی جائے۔ روح المعانی میں بعض علماء کا قول نقل کیا ہے جس کے الفاظ یہ ہیں کَاَنَّہٗ سُبْحَانہٗ اَفْرَغَ الْحَمَاءَ فَصَوَّرَ مِنْ ذٰلِکَ تِمْثَالَ اِنْسَانٍ اَجْوَفَ فَیَبِسَ حَتّٰی اِذَا نُقِرَ صَوَّت ثُمَّ غَیَّرہٗ طَوْرًا بَعْدَ طَوْرٍ حَتّٰی نَفَخَ فِیْہِ مِنْ رُوْحِہٖ فَتَبَارَکَ اللّٰہُ اَحْسَنُ الْخَالِقِیْنَ ۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں مٹی پانی میں ترکی اور خمیرا اٹھایا کہ کھن کھن بولنے لگی ، وہ ہی بدن ہوا انسان کا ۔ اس کی خاصیتیں سختی اور بوجھ اس میں رہ گئیں اسی طرح گرم ہوا کی خاصیت (حدت و خفت) جن کی پیدائش میں رہی۔ راغب اصفہانی نے ایک طویل مضمون کے ضمن میں متنبہ کیا ہے کہ حَمَاٍمَّسْنُوْنٍ اور "طین لازب" وغیرہ الفاظ ظاہر کرتے ہیں کہ مٹی اور پانی کو ملا کر ہوا سے خشک کیا اور "فخار" کا لفظ دلالت کرتا ہے کہ کسی درجہ میں آگ سے پکایا گیا یہ ہی ناری جز آدمی کی شیطنت کا منشاء ہے اسی مناسبت سےایک جگہ فرمایا خَلَقَ الۡاِنۡسَانَ مِنۡ صَلۡصَالٍ کَالۡفَخَّارِ ۔ وَ خَلَقَ الۡجَآنَّ مِنۡ مَّارِجٍ مِّنۡ نَّارٍ (الرحمٰن۔۱۴،۱۵) راغب کا یہ مضمون بہت طویل اور دلچسپ ہے ، افسوس ہے ہم اس کا خلاصہ بھی یہاں درج نہیں کر سکتے۔