مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ حجر آیت 54 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

قَالَ أَبَشَّرْتُمُونِى عَلَىٰٓ أَن مَّسَّنِىَ ٱلْكِبَرُ فَبِمَ تُبَشِّرُونَ ﴿٥٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت ابراہیم علیہ السلام کا تعجب

چونکہ غیر متوقع اور غیر معمولی طور پر خوشخبری سنی ، تو اپنی پیرانہ سالی کو دیکھتے ہوئے کچھ عجیب سی معلوم ہوئی۔ انسانی طبعیت کا خاصہ ہے کہ جب آدمی کوئی مسرت انگیز خبر خلاف توقع غیر معمولی طریقہ سے اچانک سنے تو باوجود یقین آ جانے کے اسے خوب کھود کرید کر دریافت کرتا اور لہجہ تعجب کا اختیار کر لیتا ہے، تا خبر دینے والا پوری تاکید و تصریح سے خوشخبری کو دہرائے ، جس میں نہ کسی قسم کی غلط فہمی کا احتمال رہے نہ تاویل و التباس کا ۔ گویا اظہار تعجب سے بشارت کو خوب واضح اور پختہ کرانا اور تکرار سماع سے لذت تازہ حاصل کرنا مقصود ہوتا ہے ۔ اسی طرز میں حضرت ابراہیمؑ نے اظہار تعجب فرمایا ۔ ابن کثیرؒ کے الفاظ یہ ہیں ۔ "قال متعجبًا من کبرہ وکبرزوجتہ و متحققًا للوعد فاجابوہ موکدین لما بشروہ بہٖ تحقیقًا وبشارۃ بعد بشارۃ" چونکہ سطح کلام سے ناامیدی کا توہم ہو سکتا تھا۔ جو اکابر خصوصًا اولوالعزم پیغمبروں کی شان کے بالکل خلاف ہے۔ اس لئے ملائکہ نے فَلَا تَکُنۡ مِّنَ الۡقٰنِطِیۡنَ کہہ کر تنبیہ کی۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں۔ "معلوم ہوا کہ کاملین بھی (کسی درجہ میں) ظاہری اسباب پر خیال رکھتے ہیں۔"