مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ حجر آیت 72 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

لَعَمْرُكَ إِنَّهُمْ لَفِى سَكْرَتِهِمْ يَعْمَهُونَ ﴿٧٢﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی جان کی قسم

ظاہر یہ ہے کہ یہ خطاب حق تعالیٰ شانہ کی طرف سے نبی کریم ﷺ کو ہے۔ یعنی تیری جان کی قسم، لوطؑ کی قوم غفلت اور مستی کے نشہ میں بالکل اندھی ہو رہی تھی ، وہ بڑی لاپروائی سےحضرت لوطؑ کی نصیحت بلکہ لجاجت کو ٹھکرا رہے تھے ان کو اپنی قوت کا نشہ تھا ، شہوت پرستی نے ان کےدل و دماغ مسخ کر دیے تھے ۔ وہ بڑے امن و اطمینان کےساتھ پیغمبر خدا سے جھگڑ رہے تھے ۔ نہیں جانتے تھے کہ صبح تک کیا حشر ہونے والا ہے تباہی اور ہلاکت کی گھڑی ان کے سر پر منڈلا رہی تھی ، وہ لوطؑ کی باتوں پر ہنستے تھے اور موت انہیں دیکھ کر ہنس رہی تھی (تنبیہ) ابن عباس نے فرمایا خدا تعالیٰ نے دنیا میں کوئی جان محمد ﷺ کی جان سے زیادہ اکرم و اشرف پیدا نہیں کی۔ میں نے خدا کو نہیں سنا کہ اس نے محمد ﷺ کی جان عزیز کے سوا کسی دوسری جان کی قسم کھائی ہو۔ قرآن کریم میں جو قسمیں آئی ہیں ان کے متعلق ہم انشاء اللہ کسی دوسری جگہ ذرا مفصل کلام کریں گے۔