مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ نحل آیت 61 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَوْ يُؤَاخِذُ ٱللَّهُ ٱلنَّاسَ بِظُلْمِهِم مَّا تَرَكَ عَلَيْهَا مِن دَآبَّةٍ وَلَـٰكِن يُؤَخِّرُهُمْ إِلَىٰٓ أَجَلٍ مُّسَمًّى ۖ فَإِذَا جَآءَ أَجَلُهُمْ لَا يَسْتَـْٔخِرُونَ سَاعَةً ۖ وَلَا يَسْتَقْدِمُونَ ﴿٦١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

اللہ کی ڈھیل وقت معین تک ہے

یعنی اگر خدا تعالیٰ لوگوں کی گستاخی اور ناانصافی پر دنیا میں فورًا پکڑنا اور سزا دینا شروع کر دے تو چند گھنٹے بھی زمین کی یہ آبادی نہیں رہ سکتی کیونکہ دنیا میں بڑا حصہ ظالموں اور بدکاروں کا ہے۔ اور چھوٹی موٹی خطاء و قصور سے تو کوئی خالی ہو گا ؟ کُلُّکُمْ خَطَّاؤُنَ جب خاطی و بدکار فورًا ہلاک کر دیے گئے تو صرف معصوم انبیاء کے زمین پر بھیجنے کی بھی ضرورت نہیں رہتی ، بلکہ ان کا ملائکہ معصومین کے ساتھ رہنا زیادہ موزوں ہے ۔ جب نیک و بد انسان دونوں زمین پر نہ رہے تو دوسرے حیوانات کا رکھنا بے فائدہ ہو گا ، کیونکہ وہ سب بنی آدم کے لئے پیدا کئے گئے ہیں۔ نیز فرض کیجئے خدا نے انسانوں کے ظلم و عدوان پر بارش بند کر دی تو کیا آدمیوں کےساتھ جانور نہیں مریں گے ۔ بہرحال خدا اگر بات بات پر دنیا میں پکڑے اور فورًا سزا دے تو اس دنیا کا سارا قصہ منٹوں میں تمام ہو جائے۔ مگر وہ اپنے حلم و حکمت سے ایسا نہیں کرتا۔ بلکہ مجرموں کو توبہ و اصلاح کا موقع دیتا ہے اور وقت موعود تک انہیں ڈھیلا چھوڑتا ہے ۔ جب وقت آ پہنچا ، پھر ایک سیکنڈ ادھر ادھر نہیں ہو سکتا۔ (تنبیہ) بعض مفسرین نے مَّا تَرَکَ عَلَیۡہَا مِنۡ دَآبَّۃٍ سے خاص دابہ ظالمۂ مراد ہے۔ اگر یہ صحیح ہو تو مطلب واضح ہے کوئی اشکال نہیں ۔ واللہ اعلم۔