مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ نحل آیت 62 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَيَجْعَلُونَ لِلَّهِ مَا يَكْرَهُونَ وَتَصِفُ أَلْسِنَتُهُمُ ٱلْكَذِبَ أَنَّ لَهُمُ ٱلْحُسْنَىٰ ۖ لَا جَرَمَ أَنَّ لَهُمُ ٱلنَّارَ وَأَنَّهُم مُّفْرَطُونَ ﴿٦٢﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

یعنی جو چیزیں بری سمجھ کر اپنے لئے پسند نہیں کرتے مثلاً بیٹیاں یا اپنی مِلک میں کسی اجنبی کی شرکت یا استہزاء و استخفاف کا معاملہ وہ خداوند قدوس کے لئے ثابت کرتے ہیں۔

کفار کے جھوٹے دعوے

یعنی باوجود ایسی گستاخویں کے زبان پر یہ جھوٹا دعویٰ ہے کہ ہم تو دنیا میں بھی بھلی چیزوں کے لائق ہیں۔ اور اگر آخرت وغیرہ کے قصے سچے ہوئے تو وہاں بھی خوب چین اڑائیں گے۔ وَ لَئِنۡ اَذَقۡنٰہُ رَحۡمَۃً مِّنَّا مِنۡۢ بَعۡدِ ضَرَّآءَ مَسَّتۡہُ لَیَقُوۡلَنَّ ہٰذَا لِیۡ ۙ وَ مَاۤ اَظُنُّ السَّاعَۃَ قَآئِمَۃً ۙ وَّ لَئِنۡ رُّجِعۡتُ اِلٰی رَبِّیۡۤ اِنَّ لِیۡ عِنۡدَہٗ لَلۡحُسۡنٰی (حٰمٓ السجدہ۔۵۰)۔

یعنی ان گستاخیوں کےساتھ ایسی باطل آرزوئیں رکھنا ہی اس کی دلیل ہے کہ ان کےلئےکوئی خوبی اور بھلائی تو کیا ہوتی ، البتہ دوزخ تیار ہے جس کی طرف وہ بڑھائے جارہے ہیں اور جہاں پہنچ کر گویا بالکل بھلا دیے جائیں گے ۔ یعنی ابدالآباد تک کبھی مہربانی کی نظر ان پر نہ ہو گی ۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں کہ یہ ان کو فرمایا جو ناکارہ چیزیں اللہ کے نام دیں اور اس پر یقین کریں کہ ہم کو بہشت ملے گی۔ حالانکہ وہ روز بروز دوزخ کی طرف بڑھتے ہیں۔