اللہ تمام بھیدوں کو جانتا ہے
یعنی ساری مخلوق یکساں نہ ہوئی۔ ایک آدمی کا حال دوسرے سے بے انتہا مختلف ہوا۔ سب چیزیں ایک سطح مستوی پر کھڑی نہیں کی گئیں۔ اس کا بھید اور ہر ایک کی پوشیدہ استعداد اور مخفی حالت کا علم خدا ہی کے پاس ہے۔ چنانچہ وہ اپنے علم محیط کے موافق قیامت میں ہر ایک کے ساتھ جداگانہ معاملہ کرے گا۔ اور مختلف احوال پر مختلف نتائج مرتب فرمائے گا۔
قیامت دور نہیں
یعنی قیامت کے آنے کو مستبعد مت سمجھو ، خدا کے آگے کوئی چیز مشکل نہیں تمام لوگوں کو جب دوبارہ پیدا کرنا چاہے گا تو پلک جھپکنے کی دیر بھی نہ لگے گی ، ادھر سے ارادہ ہوتے ہی چشم زدن میں ساری دنیا دوبارہ موجود ہو جائے گی۔ (تنبیہ) کَلَمۡحِ الۡبَصَرِ اَوۡ ہُوَ اَقۡرَبُ کا مطلب یہ ہے کہ عام لوگوں کے محسوسات کے موافق تو اس کی سرعت کو آنکھ جھپکنے سے تعبیر کر سکتےہیں ۔ لیکن واقع میں اس سے بھی کم میں قیامت قائم ہو جائے گی۔ کیونکہ "لمح بصر" بہرحال زمانی چیز ہے اور ارادہ خداوندی پر مراد کا ترتب آنی ہو گا۔
یعنی جس کےعلم و محیط کا وہ حال ہو کہ آسمان و زمین کے سارے بھید اس کے سامنے حاضر ہیں اور جس کی قدرت کاملہ ذرہ ذرہ پر محیط ہو ۔ بھلا اس کا ہمسر کون ہو سکتا ہے ؟ اور اس کی پوری مثال کہاں سے لا سکتے ہیں۔