اپنے وجود میں غور کرو
یعنی پیدائش کے وقت تم کچھ جانتے اور سمجھتے نہ تھے ، خدا تعالیٰ نےعلم کے ذرائع اور سمجھنے والے دل تم کو دیے۔ جو بذات خود بھی بڑی نعمتیں ہیں اور لاکھوں نعمتوں سے متمتع ہونے کے وسائل ہیں ۔ اگر آنکھ ، کان عقل وغیرہ نہ ہو تو ساری ترقیات کا دروازہ ہی بند ہو جائے ۔ جوں جوں آدمی کا بچہ بڑا ہوتا ہے اس کی علمی و عملی قوتیں بتدریج بڑھتی جاتی ہیں۔ اس کی شکرگذاری یہ تھی کہ ان قوتوں کو مولیٰ کی طاعت میں خرچ کرتے ، اور حق شناسی میں سمجھ بوجھ سے کام لیتے ، نہ یہ کہ بجائے احسان ماننے کے الٹے بغاوت پر کمر بستہ ہو جائیں۔ اور منعم حقیقی کو چھوڑ کر اینٹ پتھروں کی پرستش کرنے لگیں۔