آخرت میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شہادت
یعنی وہ ہولناک دن یاد رکھنے کےقابل ہے جب ہر ایک پیغمبر اپنی امت کے معاملات کے متعلق بارگاہ احدیت میں بیان دے گا اور آپ (نبی ﷺ) اس امت کی حالت بتلائیں گے ۔ بلکہ بعض مفسرین کے قول کے موافق آپ ان تمام شہداء کے لئے شہادت دیں گے ۔ کہ بیشک انہوں نےاپنا فرض منصبی بخوبی ادا کیا۔ حدیث میں آیا ہے کہ امت کے اعمال ہر روز حضور ﷺ کے روبرو پیش کئے جاتے ہیں آپ اعمال خیر کو دیکھ کر خدا کا شکر ادا کرتے ہیں اور بد اعمالیوں پر مطلع ہو کر نالائقوں کے لئے استغفار فرماتے ہیں۔
قرآن کریم رحمت و بشارت ہے
یعنی قرآن کریم میں تمام علوم ہدایت اور اصول دین اور فلاح دارین سے متعلق ضوری امور کا نہایت مکمل اور واضح بیان ہے ۔ اس میں قیامت کے یہ واقعات بھی آ گئے جن کا ذکر اوپر ہوا۔ اندریں صورت جس پیغمبر پر ایسی جامع کتاب اتاری گئ اس کی مسئولیت اور ذمہ داری بھی بہت بھاری ہو گی۔ گویا شَہِیۡدًا عَلٰی ہٰۤؤُلَآءِ کے بعد وَ نَزَّلۡنَا عَلَیۡکَ الۡکِتٰبَ تِبۡیَانًا لِّکُلِّ شَیۡءٍ فرما کر حضور ﷺ کے عظیم مرتبہ اور اسی مرتبہ کے مناسب مسئولیت کی طرف لطیف اشارہ فرما دیا۔ فَلَنَسۡـَٔلَنَّ الَّذِیۡنَ اُرۡسِلَ اِلَیۡہِمۡ وَ لَنَسۡـَٔلَنَّ الۡمُرۡسَلِیۡنَ (اعراف۔۶) ابن کثیر نے اس کو ذرا تفصیل سے بیان کیا ہے۔
یعنی یہ کتاب سارے جہان کےلئے سرتاپا ہدایت اور مجسم رحمت ہے۔ فرمانبردار بندوں کو شاندار مستقبل کی خوشخبری سناتی ہے۔