مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ نحل آیت 97 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

مَنْ عَمِلَ صَـٰلِحًا مِّن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْيِيَنَّهُۥ حَيَوٰةً طَيِّبَةً ۖ وَلَنَجْزِيَنَّهُمْ أَجْرَهُم بِأَحْسَنِ مَا كَانُوا۟ يَعْمَلُونَ ﴿٩٧﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

عمل صالح اور حیات طیبہ

اوپر کی آیت میں صابرین اور ایفائے عہد کرنے والوں کے اجر کا ذکر تھا۔ یہاں تمام اعمال صالحہ کے متعلق عام ضابطہ بیان فرماتےہیں ۔ حاصل یہ ہے کہ جو کوئی مرد یا عورت نیک کاموں کی عادت رکھے ۔ بشرطیکہ وہ کام صرف صورۃً نہیں بلکہ حقیقۃً نیک ہوں ۔یعنی ایمان اور معرفت صحیحہ کی روح اپنے اندر رکھتے ہوں تو ہم اس کو ضرور پاک ، ستھری اور مزیدار زندگی عنایت کریں گے ۔ مثلاً دنیا میں حلال روزی قناعت و غنائے قلبی ، سکون و طمانیت ، ذکر اللہ کی لذت ، حب الہٰی کا مزہ ، ادائے فرض عبودیت کی خوشی ، کامیاب مستقبل کا تصور تعلق مع اللہ کی حلاوت جس کا ذائقہ چکھ کر ایک عارف نےکہا تھا ؂ چوں چتر سنجری رخ بختم سیاہ باد۔در دل اگر بود ہوس ملک سنجرم ، زانگہ کہ یافتم خبر از ملک نیم شب۔ من ملک نیم روز بیک جونمی خرم۔ سچ ہے۔ اَھْلُ اللَّیْلِ فِی لَیْلِھِمْ اَلَذُّمِنْ اَھْلِ اللَّھْوِ فِیْ لَھْوِھِمْ اسی لئے ایک بزرگ نے فرمایا کہ اگر سلاطین کو خبر ہو جائے کہ شب بیداروں کو رات کے اٹھنے میں کیا لذت و دولت حاصل ہوتی ہے تو اس کے چھیننے کے لئے اسی طرح لشکر کشی کریں۔ جیسے ملک گیری کے لئےکرتے ہیں۔ بہرحال مومن قانت کی پاک اور مزہ دار زندگی یہیں سے شروع ہو جاتی ہے قبر میں پہنچ کر اس کا رنگ اور زیادہ نکھر جاتا ہے۔ آخر انتہا ، اس حیات طیبہ پر ہوتی ہے جس کے متعلق کہا ہے حَیَاۃٌ بِلَا مَوْتٍ ، وَغَنِیً بِلَا فقرٍ ، وَصِحَّۃٌ بِلاسُقْمٍ ، وَمُلْکٌ بِلا ھُلَکٍ ، وَسَعَادَۃٌ بِلا شَقَاوَۃٍ رزقنا اللہ تعالیٰ بفضلہ ومنہ ایاہا۔ (تنبیہ) اس آیت نے بتلا دیا کہ قرآن کی نظر میں عورت اور مرد کی نیکی اور کامیابی کا ایک ہی ضابطہ ہے ۔ یعنی عورت اور مرد بلا امتیاز اپنے اپنے حسب حال نیکی کر کے پاک زندگی حاصل کر سکتے ہیں۔