مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ نحل آیت 98 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

فَإِذَا قَرَأْتَ ٱلْقُرْءَانَ فَٱسْتَعِذْ بِٱللَّهِ مِنَ ٱلشَّيْطَـٰنِ ٱلرَّجِيمِ ﴿٩٨﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

قرآن کی تلاوت کا ایک خاص ادب

حدیث میں ہے خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْاٰنَ وَعَلَّمَہٗ (تم میں بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھلائے) معلوم ہوا کہ مومن کےلئےقرأت قرآن بہترین کام ہے۔ اور پچھلی آیات میں دو مرتبہ بہتر کاموں پر اجر ملنے کا ذکر تھا اس لئے یہاں قرأت قرآن کے بعض آداب کی تعلیم فرماتے ہیں تا کہ آدمی بے احتیاطی سے اس بہتر کام کا اجر ضائع نہ کر بیٹھے ۔ شیطان کی کوشش ہمیشہ یہ رہتی ہےکہ لوگوں کو نیک کاموں سے روکے خصوصًا قرأت قرآن جیسے کام کو جو تمام نیکیوں کا سرچشمہ ہے ۔ کب ٹھنڈے دل سے گوارا کر سکتا ہے ۔ ضرور اس کی کوشش ہو گی کہ مومن کو اس سے باز رکھے ، اور اس میں کامیاب نہ ہو تو ایسی آفات میں مبتلا کر دے جو قرأت قرآن کا حقیقی فائدہ حاصل ہونے سے مانع ہوں۔ ان سب مغویانہ تدبیروں اور پیش آنے والی خرابیوں سے حفاظت کا یہ ہی طریقہ ہو سکتا ہےکہ جب مومن قرآت قرآن کا ارادہ کرے ، پہلے صدق دل سے حق تعالیٰ پر بھروسہ کرے اور شیطان مردود کی زد سے بھاگ کر خداوند قدوس کی پناہ میں آ جائے ۔ اصلی استعاذہ (پناہ میں آنا) تو دل سے ہے ۔ مگر زبان و دل کو موافق کرنے کے لئے مشروع ہے کے ابتدائے قرأت میں زبان سے بھی اَعُوۡذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیۡطٰنِ الرَّجِیۡمِ پڑھے۔