یعنی اس کی ذات نقص و قصور اور ہر قسم کے ضعف و عجز سے پاک ہے جو بات ہمارے خیال میں بے انتہا عجیب معلوم ہو اور ہماری ناقص عقلیں اسے بیحد مستبعد سمجھیں ، خدا کی قدرت و مشیت کے سامنے وہ کچھ بھی مشکل نہیں۔
واقعہ اَسریٰ
یعنی صرف ایک رات کے محدود حصہ میں اپنے مخصوص ترین بندہ (محمد رسول اللہ ﷺ) کو حرم مکہ سے بیت المقدس تک لے گیا۔ اس سفر کی غرض کیا تھی ؟ آگے لِنُرِیَہٗ مِنۡ اٰیٰتِنَا میں اس کی طرف اشارہ فرمایا ہے ۔ حاصل یہ ہے کہ خود اس سفر میں یا "بیت المقدس" سے آگے کہیں اور لے جا کر اپنی قدرت کے عظیم الشان نشان اور حکیمانہ انتظامات کے عجیب و غریب نمونے دکھلانے منظور تھے ۔ سورہ نجم میں ان آیا ت کا کچھ ذکر کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ "سدرۃ المنتہٰی" تک تشریف لے گئے اور نہایت عظیم الشان آیات کا مشاہدہ فرمایا وَ لَقَدۡ رَاٰہُ نَزۡلَۃً اُخۡرٰی ۔عِنۡدَ سِدۡرَۃِ الۡمُنۡتَہٰی۔عِنۡدَہَا جَنَّۃُ الۡمَاۡوٰی ۔اِذۡ یَغۡشَی السِّدۡرَۃَ مَا یَغۡشٰی ۔مَا زَاغَ الۡبَصَرُ وَ مَا طَغٰی۔لَقَدۡ رَاٰی مِنۡ اٰیٰتِ رَبِّہِ الۡکُبۡرٰی۔ (النجم ۱۳ تا ۱۸)۔ واقعہ معراج کی کیفیت: علماء کی اصطلاح میں مکہ سے بیت المقدس تک کے سفر کو "اسراء" اور وہاں سے اوپر "سدرۃ المنتہٰی" تک کی سیاحت کو "معراج" کہتے ہیں۔ اور بسا اوقات دونوں سفروں کے مجموعہ کو ایک ہی لفظ "اسراء " یا "معراج" سے تعبیر کیا جاتا ہے ۔ معراج کی احادیث تقریبًا تیس صحابہ سے منقول ہیں جن میں معراج و اسراء کے واقعات بسط و تفصیل سے بیان ہوئے ہیں جمہور سلف و خلف کا عقیدہ یہ ہے کہ حضور پر نور کو حالت بیداری میں بجسدہ الشریف معراج ہوئی ۔ صرف دو تین صحابہ و تابعین سے منقول ہے کہ واقعہ اسراء و معراج کو منام (نیند) کی حالت میں بطور ایک عجیب و غریب خواب کے مانتے تھے ۔ چنانچہ اسی سورۃ میں آگے چل کر جو لفظ وَ مَا جَعَلۡنَا الرُّءۡیَا الَّتِیۡۤ اَرَیۡنٰکَ (۶۰) الخ آتا ہے اس سے یہ حضرات استدلال کرتے ہیں سلف میں سے یہ کسی کا قول نہیں کہ معراج حالت بیداری میں محض روحانی طور پر ہوئی ہو۔ جیسا کہ بعض حکماء و صوفیہ کےمذاق پر تجویز کیا جا سکتا ہے۔ روح المعانی میں ہے وَلَیْسَ مَعْنَی الْاِسْراءِ بِالرُّوْحِ الذِّھَابُ یَقْظَۃً کَالْانْسِلَاخِ الَّذِیْ ذَھَبَ اِلَیْہِ الصُّوْفِیَۃُ وَالْحُکَمَاءُ فَاِنَّہٗ وِاِنْ کَانَ خَارِقًا لِلعَادَۃِ وَمَحِلًّا للعُجبِ اَیْضًا اِلَّا اِنَّہٗ اَمْرٌ لَا تَعْرَفُہُ الْعَرَبُ وَلَمْ یَذْھَبْ اِلَیْہِ اَحَدٌ مِنَ السَّلَفِ ۔ بیشک ابن قیمؒ نے زادالمعاد میں عائشہ صدیقہ ، معاویہ اور حسن بصری رضی اللہ عنہم کے مسلک کی اس طرح توجیہ کی ہے ۔ لیکن اس پر کوئی نقل پیش نہیں کی ، محض ظن و تخمین سے کام لیا ہے ابن اسحٰق وغیرہ نے جو الفاظ ان بزرگوں کے نقل کئے ہیں ان میں کہیں حالت بیداری کی تصریح نہیں۔ معراج کا واقعہ خواب نہیں تھا: بہرحال قرآن نے جس قدر اہتمام اور ممتاز و درخشاں عنوان سے واقعہ "اسراء" کا ذکر فرمایا اور جس قدر جدو مستعدی سے مخالفین اس کے انکار و تکذیب پر تیار ہو کر میدان میں نکلے ، حتیٰ کہ بعض موافقین کے قدم بھی لغزش کھانے لگے یہ اسکی دلیل ہے کہ واقعہ کی نوعیت محض ایک عجیب و غریب خواب یا سیر روحانی کی نہ تھی۔ روحانی سیر و انکشافات کے رنگ میں آپ کے جو دعاوی ابتدائے بعثت سے رہے ہیں۔ دعوئے اسراء کفار کے لئے کچھ سے بڑھ کر تعجت خیز و حیرت انگیز نہ تھا جو خصوصی طور پر اس کو تکذیب و تردید اور استہزاء و تمسخر کا نشانہ بناتے اور لوگوں کو دعوت دیتے کہ آؤ ، آج مدعی نبوت کی ایک بالکل انوکھی بات سنو ، نہ آپ کو خاص اس واقعہ کے اظہار پر اس قدر متفکر و مشوش ہونے کی ضرورت تھی جو بعض روایات صحیحہ میں مذکور ہے ۔ بعض احادیث میں صاف لفظ ہیں ثُمَّ اَصْبَحْتُ بِمَکَّۃَ یا ثُمَّ اَتَیْتُ مَکَّۃَ (پھر صبح کے وقت میں مکہ پہنچ گیا) اگر معراج محض کوئی روحانی کیفت تھی تو آپ ﷺ مکہ سے غائب ہی کہاں ہوئے۔ معراج جسمانی طور پر نہیں ہوئی: اور شداد بن اوس وغیرہ کی روایت کے موافق بعض صحابہ کا یہ دریافت کرنا کیا معنی رکھتا ہے کہ "رات میں قیام گاہ پر تلاش کیا ، حضور ﷺ کہاں تشریف لے گئے تھے" ؟ ہمارے نزدیک اَسْرٰی بِعَبْدِہٖ کے یہ معنی لینا کہ "خدا اپنے بندہ کو خواب میں یا محض روحانی طوپر پر مکہ سے بیت المقدس لے گیا ۔ " اس کے مشابہ ہے کہ کوئی شخص فَاَسْرِ بِعِبَادِیْ کے یہ معنی لینے لگے کہ "اے موسٰی! میرے بندوں (بنی اسرائیل کو خواب میں یا محض روحانی طور پر لیکر مصر سے نکل جاؤ ۔ یا سورہ کہف میں جو حضرت موسٰیؑ کا حضرت خضرؑ کی ملاقات کے لئے جانا اور ان کے ہمراہ سفر کرنا جس کےلئے کئ جگہ فَانْطَلَقَا کا لفظ آیا ہے ، اس کا مطلب یہ لے لیا جائے کہ یہ سب کچھ محض خواب میں یا بطور روحانی سیر کے واقع ہوا تھا ۔ باقی لفظ "رُؤیا" جو قرآن میں آیا ، اس کے متعلق ابن عباسؓ فرما چکے ہیں رُؤیَا عَیْنٍ اُرِیَھَا رَسُولُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ مفسرین نے کلام عرب سے اس کے شواہد پیش کئے ہیں کہ "رویا" کا لفظ گاہ بگاہ مطلق رؤیت (دیکھنے) کے معنی میں استعمال ہوتا ہے ۔ لہذا اگر اس سے مراد یہ ہی اسراء کا واقعہ ہے تو مطلق نظارہ کے معنی لئے جائیں جو ظاہری آنکھوں سے ہوا۔ تاکہ ظواہر نصوص اور جمہور امت کے عقیدہ کی مخالفت نہ ہو۔ شریک کی روایت: ہاں شریک کی روایت میں بعض الفاظ ضرور ایسے آئے ہیں جن سے "اسراء" کا بحالت نوم واقع ہونا معلوم ہوتا ہے مگر محدثین کا اتفاق ہے کہ شریک کا حافظہ خراب تھا، اس لئے بڑے بڑے حفاظ حدیث کے مقابلہ میں ان کی روایت قابل استناد نہیں ہو سکتی۔ حافظ ابن حجر نے فتح الباری کے اواخر میں حدیث شریک کے اغلاط شمار کئے ہیں اور یہ بھی بتلایا ہے کہ ان کی روایت کا مطلب ایسا لیا جا سکتا ہے جو عام احادیث کے مخالف نہ ہو۔ اس قسم کی تفاصیل ہم یہاں درج نہیں کر سکتے شرح صحیح مسلم میں یہ مباحث پوری شرع و بسط سے درج کئے ہیں۔ یہاں صرف یہ بتلانا ہے کہ مذہب راجح یہی ہے کہ معراج و اسراء کا واقعہ حالت بیداری میں بجسدہ الشریف واقع ہوا۔ ہاں اگر اس سے پہلے یا بعد خواب میں بھی اس طرح کے واقعات دکھلائے گئے ہوں تو انکار کرنے کی ضرورت نہیں۔ واقعہ معراج کے عقلی دلائل: کہا جاتا ہے کہ ایک شب میں اتنی لمبی مسافت زمین و آسمان کی کیسے طے کی ہو گی یا کرہ ناروز مہریر میں سے کیسے گذرے ہوں گے یا اہل یورپ کے خیال کے موافق جب آسمانوں کا وجود ہی نہیں تو ایک آسمان سے دوسرے اور دوسرے سے تیسرے پر اس شان سے تشریف لے جانا جو روایات میں مذکور ہے کیسے قابل تسلیم ہو گا۔ لیکن آج تک کوئی دلیل اس کی پیش نہیں کی گئ کہ آسمان واقع میں کوئی شے موجود نہیں۔ اگر ان لوگوں کا یہ دعویٰ بھی تسلیم کر لیا جائے کہ یہ نیلگونی چیز جو ہم کو نظر آتی ہے فی الحقیقت آسمان نہیں ہے تب بھی اس کا کیا ثبوت ہے کہ اس نیلگونی رنگ کے اوپر آسمانوں کا وجود نہیں ہو سکتا۔ رہا ایک رات میں اتنا طویل سفر طے کرنا تو تمام حکماء تسلیم کرتے ہیں کہ سرعت حرکت کے لئے کوئی حد نہیں ہے ۔ اب سے سو برس پیشتر تو کسی کو یہ بھی یقین نہیں آ سکتا تھا کہ تین سو میل فی گھنٹہ چلنے والی موٹر تیار ہو جائے گی یا دس ہزار فٹ کی بلندی تک ہم ہوائی جہاز کے ذریعہ پرواز کر سکیں گے ۔ "اسٹیم" اور "قوت کہربائیہ" کے یہ کرشمےکس نے دیکھے تھے ۔ کرہ نار تو آج کل ایک لفظ بے معنی ہے۔ ہاں اوپر جا کر ہوا کی سخت برودت وغیرہ کا مقابلہ کرنے والے آلات طیاروں میں لگا دیے گئے ہیں جو اڑنے والوں کی زمہریر سے حفاظت کرتے ہیں ۔ یہ تو مخلوق کی بنائی ہوئی مشینوں کا حال تھا۔ خالق کی بلا واسطہ پیدا کی ہوئی مشینوں کو دیکھتے ہیں تو عقل دنگ ہو جاتی ہے۔ زمین یا سورج چوبیس گھنٹہ میں کتنی مسافت طے کرتے ہیں۔ روشنی کی شعاع ایک منٹ میں کہاں سے کہاں پہنچتی ہے ۔ بادل کی بجلی مشرق میں چمکتی اور مغرب میں گرتی ہے ۔ اور اس سرعت سیرو سفر میں پہاڑ بھی سامنے آ جائے تو پرکاہ کی برابر حقیقت نہیں سمجھتی ۔ جس خدا نے یہ چیزیں پیدا کیں کیا وہ قادر مطلق اپنے حبیب ﷺ کے براق میں ایسی برق رفتاری کی کلیں اور حفاظت و آسائش کے سامان نہ رکھ سکتا تھا جن سے حضور ﷺ بڑی راحت و تکریم کے ساتھ چشم زدن میں ایک مقام سے دوسرے مقام کو منتقل ہو سکیں۔ شاید اسی لئے واقعہ "اسراء" کا بیان لفط سُبۡحٰنَ الَّذِیۡۤ سے شروع فرمایا تا جو لوگ کوتاہ نظری اور تنگ خیالی سے حق تعالیٰ کی لامحدود قدرت کو اپنے وہم و تخمین کی چہار دیواری میں محصور کرنا چاہتے ہیں ، کچھ اپنی گستاخیوں اور عقلی ترکتازیوں پر شرمائیں۔ نہ ہرجائے مرکب تواں تاختن ، کہ جاہا سپر بایداند اختن!
مسجد اقصیٰ اور برکات
یعنی جس ملک میں "مسجد اقصٰی" (بیت المقدس) واقع ہے وہاں حق تعالیٰ نے بہت سی ظاہری و باطنی برکات رکھی ہیں۔ مادی حیثیت سے چشمے ، نہریں ، غلے ، پھل اور میووں کی افراط ، اور روحانی اعتبار سے دیکھاجائے تو کنتے انبیاء و رسل کا مسکن و مدفن اور ان کے فیوض و انوار کا سرچشمہ رہا ہے ۔ شاید نبی کریم ﷺ کو ہاں لیجانے میں یہ بھی اشارہ ہو گا کہ جو کمالات انبیائے بنی اسرائیل وغیرہ پر تقسیم ہوئے تھے آپ کی ذات مقدس میں وہ سب جمع کر دیے گئے جو نعمتیں بنی اسرائیل پر مبذول ہوئی تھیں، ان پر اب بنی اسمٰعیل کو قبضہ دلایا جانے والا ہے ۔ "کعبہ" اور "بیت المقدس" دونوں کے انوار و برکات کی حامل ایک ہی امت ہونے والی ہے۔ احادیث معراج کی تصریح ہے کہ "بیت المقدس" میں تمام انبیاء علیہم السلام نے آپ کی اقتداء میں نماز پڑھی ۔ گویا حضور ﷺ کو جو سیادت و امامت انبیاء کا منصب دیا گیا تھا اس کا حسی نمونہ آپ کو اور مقربین بارگاہ کو دکھلایا گیا۔
یعنی اصلی سننے والا اور دیکھنے والا خدا ہے ۔ وہ جسے اپنی قدرت کے نشان دکھلانا چاہے دکھلا دیتا ہے۔ اس نے اپنے حبیب محمد ﷺ کی مناجات کو سنا اور احوال رفیعہ دیکھا۔ آخر "معراج شریف" میں بِیْ یُبْصِرُ والی آنکھ سے وہ آیات عظام دکھلائیں جو آپ کی استعداد کامل اور شان رفیع کے مناسب تھیں۔