مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 2 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَءَاتَيْنَا مُوسَى ٱلْكِتَـٰبَ وَجَعَلْنَـٰهُ هُدًى لِّبَنِىٓ إِسْرَٰٓءِيلَ أَلَّا تَتَّخِذُوا۟ مِن دُونِى وَكِيلًا ﴿٢﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت موسٰی علیہ السلام اور تورات

نبی کریم ﷺ کا فضل و شرف بیان فرما کر سلسلہ کلام حضرت موسٰیؑ کے ذکر کی طرف منتقل کر دیا گیا۔ چونکہ "اسراء" کے ذیل میں "مسجد اقصٰی" (بیت المقدس تک جانا مذکور ہوا تھا ، آگے "مسجد اقصٰی" اور اس کے قدیم متولیوں (بنی اسرائیل) پر جو مختلف دور گذرے ، مسلمانوں کی عبرت اور خود بنی اسرائیل کی نصیحت کے لئے ان کا بیان کیا جاتا ہے۔ یہ آیت اسی کی تمہید ہے ۔ واقعہ "اسراء" میں اشارہ تھا کہ حجازی پیغمبر کی امت ہی آئندہ اس امانت الہٰی کی مالک بننے والی ہے جو شام کی مبارک سرزمین میں ودیعت کی گئ تھی ان آیات میں بنی اسرائیل کو متنبہ کرنا ہے کہ اگر خیریت چاہتے ہیں تو اب پیغمبر عربی ﷺ کی پیروی کریں ، حق تعالیٰ ان کے حال پر مہربانی فرمائے گا۔ ورنہ پہلے کی طرح پھر شرارتوں پر سزا ملے گی اور مسجد اقصٰی کی تولیت سے محروم کر دئے جائیں گے۔

یعنی تورات میں یہ ہدایت کی گئ تھی کہ خالص توحید پر قائم رہیں اور خدا کے سوا کسی کو کارساز نہ سمجھیں ہمیشہ اسی پر بھروسہ اور توکل کریں ۔