بعثت رسول کے بغیر عذاب نہیں دیا جاتا
یعنی جب بد اعمالیوں کی بدولت کسی بستی کو تباہ کرنا ہوتا ہے تو یوں ہی دفعۃً پکڑ کر ہلاک نہیں کر دیتے ، بلکہ اتمام حجت کے بعد سزا دی جاتی ہے اول پیغمبر یا اس کے نائبین کی زبانی خدائی احکام ان کو پہنچائے جاتے ہیں ۔ خصوصًا وہاں کے امراء اور بارسوخ لوگوں کو جن کے ماننے نہ ماننے کا اثر جمہور پر پڑتا ہے۔ آگاہ کیا جاتا ہے ۔ جب یہ بڑی ناک والے سمجھ بوجھ کر خدائی پیغام کو رد کر دیتے اور کھلے بند نافرمانیاں کر کے تمام بستی کی فضا کو مسموم و مکدر بنا دیتے ہیں ، اس وقت وہ بستی اپنے کو علانیہ مجرم ثابت کر کے عذاب الہٰی کی مستحق ہو جاتی ہے (نعوذ باللہ من شرور انفسنا) تنبیہ وَقَالَ بَعْضُ السَّلَفِ اَنَّ الْاَمْرَ فِیْ قَوْلِہٖ تَعَالٰی "اَمَرْنَا مُتْرَفِیْہَا" اَمْرٌ تَکْوِیْنِیٌّ قَدْرِیٌّ بِالْفِسْقِ وَقَوْلُہٗ تَعَالٰی ''اِنَّ اللّٰہَ لاَ یَاْمُرُ بِالْفَحْشَاءِ'' مَعْنَاہُ نَفْیُ الْاَمْرِ التَّشْرِیْعِیِّ فَلَاَ مُنَافَاۃَ۔فَافْہَمْ۔