مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 23 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

۞ وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوٓا۟ إِلَّآ إِيَّاهُ وَبِٱلْوَٰلِدَيْنِ إِحْسَـٰنًا ۚ إِمَّا يَبْلُغَنَّ عِندَكَ ٱلْكِبَرَ أَحَدُهُمَآ أَوْ كِلَاهُمَا فَلَا تَقُل لَّهُمَآ أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوْلًا كَرِيمًا ﴿٢٣﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

والدین سے حسن سلوک

خدا تو حقیقۃً بچہ کو وجود عطا فرماتا ہے ، والدین اس کی ایجاد کا ظاہری ذریعہ ہیں اس لئے کئ آیتوں میں خدا تعالیٰ کے حقوق کے ساتھ والدین کے حقوق کے ذکر کئے گئے ۔ حدیث میں ہے کہ وہ شخص خاک میں مل گیا جس نے اپنے والدین کو پایا اور ان کی خدمت کر کے جنت حاصل نہ کی ۔ ایک حدیث میں فرمایا کہ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے ۔ والدین کے ساتھ بھلائی کرنا یہ ہے کہ زندگی میں ان کی جان و مال سے خدمت اور دل سے تعظیم و محبت کرے ۔ مرنے کے بعد ان کا جنازہ پڑھے ، ان کے لئے دعاء استغفار کرے ، ان کے عہد تا مقدور پورے کرے ، ان کے دوستوں کے ساتھ تعظیم و حسن سلوک سے اور ان کے اقارب کے ساتھ صلہ رحم سےپیش آئے ۔ وغیرہ ذاٰلک۔

بڑھاپے میں خدمت کی احتیاج زیادہ ہوتی ہے ، جس سے بعض اوقات اہل و عیال بھی اکتانے لگتے ہیں زیادہ پیرانہ سالی میں ہوش وحواس بھی ٹھکانے نہیں رہتے۔ بڑی سعادت مند اولاد کا کام ہے کہ اس وقت بڈھے والدین کی خدمت گذاری و فرمانبرداری سے جی نہ ہارے قرآن نے تنبیہ کی کہ جھڑکنا اور ڈانٹنا تو کجا ان کےمقابلہ میں زبان سے "ہوں" بھی مت کرو ۔ بلکہ بات کرتے وقت پورے ادب و تعظیم کو ملحوظ رکھو۔ ابن مسیب نے فرمایا ایسی طرح بات کرو جیسے ایک خطا وار غلام سخت مزاج آقا سے کرتا ہے۔