مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 30 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

إِنَّ رَبَّكَ يَبْسُطُ ٱلرِّزْقَ لِمَن يَشَآءُ وَيَقْدِرُ ۚ إِنَّهُۥ كَانَ بِعِبَادِهِۦ خَبِيرًۢا بَصِيرًا ﴿٣٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

رزق میں کمی بیشی اللہ کے ہاتھ میں ہے

یعنی تمہارے ہاتھ روکنے سے تم غنی اور دوسرا فقیر نہیں ہو جاتا ۔ نہ تمہاری سخاوت سے وہ غنی اور تم فقیر بن سکتے ہو۔ فقیر و غنی بنانا اور روزی کا کم و بیش کرنا محض خدا کے قبضہ میں ہے اور پریشان ہونےکی ضرورت نہیں کہ افسوس آج ہمارے پاس نہیں ہے ، یہ فقیر جو امید لےکر آیا تھا کیا کہے گا۔ فقر و غنی کےمختلف احوال بھیجنا اسی مالک علی الاطلاق کے قبضہ میں ہے ۔ تمہارا کام میانہ روی سے امتثال حکم کرنا ہے۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "یعنی محتاج کو دیکھ کر بالکل بیتاب نہ ہو جا۔ اس کی حاجت روائی تیرے ذمہ نہیں ۔ اللہ کے ذمہ پر ہے لیکن یہ باتیں پیغمبر علیہ السلام کو فرمائی ہیں جو بے حد سخی واقع ہوئے تھے۔ باقی جس کے جی سے مال نہ نکل سکے اس کو پابند کیا ہے دینے کا ۔ حکیم بھی گرمی والے کو سرد دوا دیتا ہے اور سردی والے کو گرم"۔

غنا اور فقر میں اللہ کی حکمت

یعنی ہر ایک بندے کے ظاہری و باطنی احوال و مصالح سے خبردار ہے۔ اسی کے موافق معاملہ کرتا ہے حدیث قدسی میں فرمایا کہ میرے بعض بندے وہ ہیں جن کی درستی حال فقیر رہنے میں ہے۔ اگر میں اس کو غنی کر دیتا تو اس کا دین تباہ ہو جاتا۔ اس کے بر عکس بعض وہ بندے ہیں جن کو غنی بنایا ، اگر فقیر بنا دیا جاتا تو دین پر قائم نہ رہ سکتے ۔ اس کےعلاوہ بعض اشقیاء کے حق میں غنا ظاہری محض امہال و استدارج کے طور پر یا فقر و تنگدستی عقوبت اور سزا کے طریقہ سے ہے ۔ (عیاذًا باللہ من ہذا و ہذا) ہم پہلے کئ جگہ اسکی تقریر کر چکے ہیں۔