مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 58 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَإِن مِّن قَرْيَةٍ إِلَّا نَحْنُ مُهْلِكُوهَا قَبْلَ يَوْمِ ٱلْقِيَـٰمَةِ أَوْ مُعَذِّبُوهَا عَذَابًا شَدِيدًا ۚ كَانَ ذَٰلِكَ فِى ٱلْكِتَـٰبِ مَسْطُورًا ﴿٥٨﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

قیامت سے پہلے تمام بستیوں کی ہلاکت

اسی آیت کا مطلب کئ طرح لیا جا سکتا ہے ۔ (الف) دنیا کی ہر ایک بستی کو عظیم الشان گناہوں کی پاداش میں قیامت سے پہلے پہلے عذاب مستاصل بھیج کر بالکلیہ تباہ و خراب کر دیا جائے گا ، یا اگر گناہ انتہائی درجہ کے نہ ہوں گے تو درجہ دوئم کے جرائم کی سزا میں عام ہلاکت سےکم کوئی سخت آفت اس بستی پر نازل کی جائے گی۔ باقی ایسی بستی کہاں ہے جو ازل سے ابد تک نہ گناہ کرے نہ کسی آفت میں پھنسے ۔ (ب) قیامت سے پیشتر ضروری ہے کہ ہر ایک بستی طبعی موت بھیج کر ویران کی جائے یا کسی سخت آفت و بلا میں مبتلا ہو ۔ طبعی موت پر جو تعذیب کے رنگ سے خالی ہو ، لفط "ہلاک" کا اطلاق قرآن و حدیث سے ثابت ہے۔ حَتّٰۤی اِذَا ہَلَکَ قُلۡتُمۡ لَنۡ یَّبۡعَثَ اللّٰہُ مِنۡۢ بَعۡدِہٖ رَسُوۡلًا (المومن۔۳۴) وفی الحدیث کُلَّمَا ھَلَکَ نَبِیٌّ جَاءَ نَبِیٌّ اٰخَرُ ۔ (ج) کفار کی ہر ایک بستی یا قیامت سے پہلے اپنے سنگین جرائم کی پاداش میں نابود کر دی جائے گی یا کسی نہ کسی وقت (یعنی قیامت سے پہلے یا بعد) سخت عذاب کا مزہ چکھے گی بہرحال کوئی معنی لئے جائیں ، مقصود اس آیت سے تحذیر ہے ۔ گویا پہلے جو فرمایا تھا اِنَّ عَذَابَ رَبِّکَ کَانَ مَحۡذُوۡرًا یہاں اس کے وقوع کی خبر دی گئ۔

یعنی یہ فیصلہ بالکل حتمی اور اٹل ہے جو علم الہٰی میں طے ہو چکا اور لوح محفوط میں لکھا گیا ۔ کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی ۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں ۔ ہر شہر کے لوگ ایک بزرگ کو پوجتے ہیں کہ ہم اس کی رعیت ہیں اور اس کی پناہ میں ہیں ، سو وقت آنے پر کوئی پناہ نہیں دے سکتا۔ لَا عَاصِمَ الۡیَوۡمَ مِنۡ اَمۡرِ اللّٰہِ اِلَّا مَنۡ رَّحِمَ (ہود۔۴۳)