مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 71 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

يَوْمَ نَدْعُوا۟ كُلَّ أُنَاسٍۭ بِإِمَـٰمِهِمْ ۖ فَمَنْ أُوتِىَ كِتَـٰبَهُۥ بِيَمِينِهِۦ فَأُو۟لَـٰٓئِكَ يَقْرَءُونَ كِتَـٰبَهُمْ وَلَا يُظْلَمُونَ فَتِيلًا ﴿٧١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حشر میں اعمال ناموں کی تقسیم

یہاں یہ بتلانا ہے کہ دنیا میں فطری حیثیت سے انسان کو جو عزت و فضیلت بخشی تھی اس نے کہاں تک قائم رکھی اور کتنے ہیں جنہوں نے انسانی عزوشرف کو خا ک میں ملا دیا۔ خلاصہ یہ ہے کہ قیامت کے دن ہر فرقہ اس چیز کی معیت میں حاضر ہو گا۔ جس کی پیروی اور اتباع کرتا تھا۔ مثلاً مومنین کے نبی ، کتاب ، دینی پیشوا یا کفار کے مذہبی سردار ، بڑے شیطان اور جھوٹے معبود جنہیں فرمایا ہے ۔ وَ جَعَلۡنٰہُمۡ اَئِمَّۃً یَّدۡعُوۡنَ اِلَی النَّارِ (القصص۔۴۱) اور حدیث میں ہے لَتَتَّبِعْ کُلُّ اُمَّۃٍ مَا کَانَتْ تَعْبُدُ الخ اس وقت تمام آدمیوں کے اعمال نامے ان کے پاس پہنچا دیے جائیں گے ۔ کسی کا اعمالنامہ سامے سے داہنے ہاتھ میں اور کسی کا پیچھے سے بائیں ہاتھ میں پہنچ جائے گا۔ گویا یہ ایک حسی علامت ان کے مقبول یا مردود ہونے کی سمجھی جائے گی ۔ "اصحاب یمین" (داہنے ہاتھ میں اعمالنامہ پکڑنے والے) وہ ہوں گے جنہوں نے دنیا میں حق کو قبول کر کے اپنی فطری شرافت اور انسانی کرامت کو باقی رکھا۔ جس طرح دنیا میں انہوں نے دیکھ بھال کر اور سوچ سمجھ کر کام کئے، آخرت میں ان کی وہ احتیاط کام آئی ۔ اس دن وہ خوشی سے پھولے نہ سمائیں گے ، بڑے سرادر انبساط سے اپنا اعمالنامہ پڑھیں گے اور دوسروں کو کہیں گے ہَآؤُمُ اقۡرَءُوۡا کِتٰبِیَہۡ (الحاقہ۔۱۹) کہ آؤ میری کتاب پڑھ لو۔ باقی دوسرے لوگ یعنی "اصحاب شمال" ان کا کچھ حال اگلی آیت میں بیان فرمایا ہے (بعض نے لفظ "امام" سے خود اعمالنامہ مراد لیا ہے کیونکہ وہاں لوگ اس کے پیچھے چلیں گے)۔

یعنی کھجور کی گٹھلی کے درمیان جو ایک باریک دھاگا سا ہوتا ہے۔ اتنا ظلم بھی وہاں نہ ہوگا ہر ایک کی محنت کا پورا بلکہ پورے سے زیادہ پھل ملے گا۔