کفار مکہ کی احمقانہ تجویز
یعنی بعض اندھے ایسے شریر ہیں کہ خود تو راہ پر کیا آتے ، بڑے بڑے سوانکھوں کو بچلانا چاہتے ہیں۔ چنانچہ کفار مکہ کی اس بے حیائی اور جسارت کو دیکھئے کہ آپ پر ڈورے ڈالتے ہیں کہ خدا نے جو احکام دیے اور وحی بھیجی اس کا ایک حصہ ان کی خاطر سے آپ (معاذ اللہ) چھوڑ دیں یا بدل ڈالیں۔ کبھی حکومت ، دولت اور حسین عورتوں کا لالچ دیتے ہیں ، کبھی کہتے ہیں کہ ہم آپ کے تابع ہو جائیں گے ، قرآن میں سے صرف وہ حصہ نکال دیجئے جو شرک و بت پرستی کے رد میں ہے ۔ اگر آپ (العیاذ باللہ) بفرض محال ایسا کر گذرتے تو بیشک وہ آپ کو گاڑھا دوست بنا لیتے۔ لیکن آپ کا جواب یہ تھا کہ خدا کی قسم اگر تم چاند اتار کر میری ایک مٹھی میں اور سورج اتار کر دوسری مٹھی میں رکھ دو تب بھی محمد (ﷺ) اس چیز کو چھوڑنے والا نہیں جس کے لئے خدا نے اسے کھڑا کیا ہے یہاں تک کہ وہ اپنا کام پورا کرے یا اس راستہ سے گذر جائے دست از طلب نہ وارم تا کام من برآید۔ یا تن رسد بجاناں یا جاں زتن برآید۔