ایک علمی وضاحت
یعنی جب تک زندہ رہوں جس وقت اور جس جگہ کے مناسب جس قسم کی صلوٰۃ و زکوٰۃ کا حکم ہو ۔ اسکی شروط و حقوق کی رعایت کے ساتھ برابر ادا کرتا رہوں جیسے دوسری جگہ مومنین کی نسبت فرمایا الَّذِیۡنَ ہُمۡ عَلٰی صَلَاتِہِمۡ دَآئِمُوۡنَ (المعارج۔۲۳) اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر آن اور ہر وقت نمازیں پڑھتے رہتے ہیں بلکہ یہ مراد ہے کہ جس وقت جس طرح کی نماز کا حکم ہو ہمیشہ پابندی سے تعمیل حکم کرتے ہیں اور اس کی برکات و انوار ہمہ وقت انکو محیط رہتی ہیں کوئی شخص کہے کہ ہم جب تک زندہ ہیں نماز ، زکوٰۃ ، روزہ حج وغیرہ کے مامور ہیں کیا اس کا مطلب یہ لیا جائے گا کہ ہر ایک مسلمان مامور ہے کہ ہر وقت نماز پڑھتا رہے ، ہر وقت زکوٰۃ دیتا رہے (خواہ نصاب کا مالک ہو یا نہ ہو) ہر وقت روزے رکھتا رہے ، ہر وقت حج کرتا رہے حضرت مسیحؑ کے متعلق بھی وَمَا دُمْتُ حَیًّا کا ایسا ہی مطلب سمجھنا چاہیئے ۔ یاد رہے کہ لفط "صلوٰۃ" کچھ اصلاحی نماز کے ساتھ مخصوص نہیں قرآن نے ملائکہ اور بشر سے گذر کر تمام جہان کی طرف صلوٰۃ کی نسبت کی ہے اَلَمۡ تَرَ اَنَّ اللّٰہَ یُسَبِّحُ لَہٗ مَنۡ فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ وَ الطَّیۡرُ صٰٓفّٰتٍ ؕ کُلٌّ قَدۡ عَلِمَ صَلَاتَہٗ وَ تَسۡبِیۡحَہٗ (نور۔۴۱) اور یہ بھی بتلا دیا کہ ہر چیز کی تسبیح و صلوٰۃ کا حال اللہ ہی جانتا ہے کہ کس کی صلوٰۃ و تسبیح کس رنگ کی ہے۔ اسی طرح زکوٰۃ کے معنی بھی اصل میں طہارت ، نماء ، برکت و مدح کے ہیں۔ جن میں سے ہر ایک معنی کا استعمال قرآن و حدیث میں اپنے اپنے موقع پر ہوا ہے۔ اسی رکوع میں حضرت مسیح کی نسبت غُلٰمًا زَکِیَّا کا لفظ گزر چکا جو زکوٰۃ سے مشتق ہے۔ اور یحیٰیؑ کو فرمایا وَّ حَنَانًا مِّنۡ لَّدُنَّا وَ زَکٰوۃً سورہ کہف میں ہے خَیۡرًا مِّنۡہُ زَکٰوۃً وَّ اَقۡرَبَ رُحۡمًا (۸۱) اسی طرح کے عام معنی یہاں بھی زکوٰۃ کے لئے جا سکتے ہیں۔ اور ممکن ہے اَوۡصٰنِیۡ بِالصَّلٰوۃِ وَ الزَّکٰوۃِ سے اَوْصٰنِیْ بِاَنْ اٰمُرَ بِالصَّلٰوۃِ وَالزَّکوٰۃِ مراد ہو۔ جیسے اسمٰعیلؑ کی نسبت فرمایا وَ کَانَ یَاۡمُرُ اَہۡلَہٗ بِالصَّلٰوۃِ وَ الزَّکٰوۃِ پھر لفط "اوصٰنی" اپنے مدلول لغوی کے اعتبار سے اس کو مقتضی نہیں کہ وقت ایصاء ہی سے اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے ۔ نیز بہت ممکن ہے کہ مَادُمْتُ حَیًّا سے یہ ہی زمینی حیاۃ مراد لے لی جائے۔ جیسے ترمذی کی ایک حدیث میں ہے کہ جابر کے والد کو اللہ نے شہادت کے بعد زندہ کر کے فرمایا کہ ہم سے کچھ مانگ اس نے کہا کہ مجھے دوبارہ زندہ کر دیجئے کہ دوبارہ تیرے راستہ میں قتل کیا جاؤں ۔ اس زندگی سے یقینًا زمینی زندگی مراد ہے ورنہ شہدا کے لئے نفس حیات کی قرآن میں اور خود اسی حدیث میں تصریح موجود ہے۔ یہ ہی مطلب حیاۃ کا لَوْ کَانَ مُوْسٰی وَ عِیْسٰی حَیَّیْنِ الخ میں سمجھو ۔ اگر بالفرض اس کا حدیث ہونا ثابت ہو جائے۔ "بالفرض" ہم نے اس لئے کہا کہ اس کی اسناد کا کتب حدیث میں کہیں پتہ نہیں۔ واللہ اعلم۔