مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مریم آیت 30 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

قَالَ إِنِّى عَبْدُ ٱللَّهِ ءَاتَىٰنِىَ ٱلْكِتَـٰبَ وَجَعَلَنِى نَبِيًّا ﴿٣٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت عیسٰی علیہ السلام کا معجزانہ طور پر کلام کرنا

قوم کی طرف سے یہ گفتگو ہو رہی تھی کہ خود مسیحؑ کو حق تعالیٰ نے گویا کر دیا ۔ آپ نے اس وقت جو کچھ فرمایا اس میں تمام غلط اور فاسد خیالات کا رد تھا جو آئندہ انکی نسبت قائم ہونے والے تھے "میں بندہ ہوں اللہ کا" یعنی خود اللہ یا اللہ کا بیٹا نہیں جیسا کہ اب نصاریٰ کا عقیدہ ہے چنانچہ اسی عقیدہ کی تردید کے لئے پہلے حضرت مسیحؑ کی ولادت وغیرہ کے تفصیلی حالات بیان فرمائے ۔ اور "مجھ کو خدا نے نبی بنایا" ۔ یعنی مفتری اور کاذ ب نہیں جیسا کہ یہود گمان کرتے ہیں۔ (تنبیہ) سورہ "آل عمران" اور "مائدہ" میں حضرت مسیحؑ کے تکلم فی المہد کے متعلق کلام کیا جا چکا ہے وہاں دیکھ لیا جائے ۔ صحیح بخاری کی حدیث میں نبی کریم ﷺ نے جن تین بچوں کے مہد میں کلام کرنے کا ذکر فرمایا ہے۔ ان میں ایک حضرت مسیح بن مریم ہیں۔ آج جو لوگ قرآن و حدیث کے خلاف حضرت مسیح کے تکلم فی المہد کا انکار کرتے ہیں انکے ہاتھ میں نصاریٰ کی کورانہ تقلید کے سوا کچھ نہیں۔