مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مریم آیت 37 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

فَٱخْتَلَفَ ٱلْأَحْزَابُ مِنۢ بَيْنِهِمْ ۖ فَوَيْلٌ لِّلَّذِينَ كَفَرُوا۟ مِن مَّشْهَدِ يَوْمٍ عَظِيمٍ ﴿٣٧﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

توحید خالص کی تعلیم

یہ کس نے کہا ؟ بعض کے نزدیک یہ حضرت مسیحؑ کا مقولہ ہے۔ گویا پیشتر حضرت مسیحؑ کی جو گفتگو قَالَ اِنِّیۡ عَبۡدُ اللّٰہِ الخ سے نقل کی گئ تھی ، یہ اس کا تکملہ ہوا ۔ درمیان میں مخاطبین کی تنبیہ کے لئے ذٰلِکَ عِیۡسَی ابۡنُ مَرۡیَمَ سے حق تعالیٰ کا کلام تھا میرے نزدیک بہتر یہ ہے کہ اس کو وَاذۡکُرۡ فِی الۡکِتٰبِ مَرۡیَمَ الخ کے ساتھ لگایا جائے ۔ یعنی (اے محمد ﷺ) کتاب میں مریم و مسیح کا حال سنا کر جو مذکور ہو چکا ، کہدو کہ میرا اور تمہارا سب کا رب اللہ ہے ۔ تنہا اسی کی بندگی کرو۔ بیٹے ، پوتے مت بناؤ۔ سیدھی راہ توحید خالص کی ہے جس میں کچھ ایچ پیچ نہیں۔ سب انبیاء اسی کی طرف ہدایت کرتے آئے ۔ لیکن لوگوں نے بہت سے فرقے بنا لئے اور جدی جدی راہیں نکال لیں۔ سو جو لوگ توحید کا انکار کر رہے ہیں ،انہیں بڑے ہولناک دن (روز قیامت) کی تباہی سے خبردار رہنا چاہئے جو یقینًا پیش آنے والی ہے۔