حضرت موسٰی علیہ السلام کے واقعہ کی تذکیر
یعنی قرآن کریم میں جو حال موسٰیؑ کا بیان کیا جا رہا ہے ، لوگوں کے سامنے ذکر کیجئے۔ کیونکہ وہ اسحٰقؑ و یعقوبؑ کی نسل سے اسرائیلی سلسلہ کے اولوا العزم پیغمبر اور مشرع اعظم ہوئے ہیں۔ اور جس طرح حضرت یحیٰیؑ و عیسٰیؑ کے تذکرہ میں خصوصیت کے ساتھ عیسائیوں کی اصلاح اور ابراہیمؑ کے ذکر میں مشرکین مکہ کو متنبہ کرنا مقصود تھا، حضرت موسٰی و ہارون علیہما السلام کے تذکروں سے شاید "یہود" کو بتانا ہو کہ قرآن کس قدر کشادہ دلی سے ان کے مقتدائے اعظم کے واقعی کمالات و محاسن کا اعلان کرتا ہے۔ یہود کو چاہئے کہ وہ بھی اپنے اس جلیل القدر پیغمبر کی صریح پیشین گوئی کے موافق اسمٰعیلی نبی (محمد ﷺ) کی رسالت و نبوت کا کھلے دل سے اعتراف کریں ۔ شاید اسی لئے حضرت کے بعد روئے سخن حضرت اسمٰعیلؑ کی طرف پھیر دیا گیا۔
رسول اور نبی کا فرق
جس آدمی کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے وحی آئے وہ "نبی" ہے ۔ انبیاء میں سے جن کو خصوصی امتیاز حاصل ہو ، یعنی مکذبین کے مقابلہ پر جداگانہ امت کی طرف مبعوث ہوں یا نئی کتاب اور مستقل شریعت رکھتے ہوں ، وہ "رسول نبی" یا "نبی رسول" کہلاتے ہیں ۔ شرعیات میں جزئی تصرف مثلًا کسی عام کی تخصیص یا مطلق کی تقیید وغیرہ رسول کے ساتھ مخصوص نہیں عام انبیاء بھی کر سکتے ہیں ۔ باقی غیر انبیاء پر رسول یا مرسل کا اطلاق جیسا کہ قرآن کے بعض مواضع میں پایا جاتا ہے وہ اس معنی مصطلح کے اعتبار سے نہیں۔ وہاں دوسری حیثیات معتبر ہیں۔ واللہ اعلم۔