مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مریم آیت 54 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَٱذْكُرْ فِى ٱلْكِتَـٰبِ إِسْمَـٰعِيلَ ۚ إِنَّهُۥ كَانَ صَادِقَ ٱلْوَعْدِ وَكَانَ رَسُولًا نَّبِيًّا ﴿٥٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت اسمٰعیل کی مدح اور حضرت اسحٰق پر فضیلت

اس سے حضرت اسمٰعیلؑ کی فضیلت حضرت اسحٰقؑ پر ظاہر ہوتی ہے کیونکہ ان کو صرف نبی فرمایا اور اسمٰعیلؑ کو رسول نبی کہا گیا ہے۔ صحیح مسلم میں حدیث ہے اِنَّ اللّٰہَ اصْطَفٰی مِنْ وَلَدِ اِبْرَاھِیْمَ اِسْمَاعِیْلَ (ابراہیمؑ کی اولاد میں سے اللہ نے اسمٰعیلؑ کو چن لیا) حضرت اسمٰعیلؑ عرب حجاز کے مورث اعلیٰ اور ہمارے پیغمبر ﷺ کے اجداد میں سے ہیں جو ابراہیمی شریعت دے کر "بنی جرہم" کی طرف مبعوث ہوئے ۔ ان کا صادق الوعد ہونا مشہور تھا۔ خدا سے یا بندوں سے جو وعدہ کیا پورا کر کے دکھلایا ایک شخص سے وعدہ کیا کہ جب تک تو آئے میں اسی جگہ رہوں گا۔ کہتے ہیں وہ ایک برس نہ آیا ، یہ وہیں رہے نبی ﷺ سے بھی منقول ہے کہ قبل از بعثت آپ سے عبداللہ بن ابی الحمساء نے کہا کہ آپ یہاں ٹھہریے میں ابھی آتا ہوں۔ آپ تین دن تک اسی جگہ رہے ۔ جب وہ واپس آیا تو فرمایا کہ تو نے ہم کو تکلیف دی میں حسب وعدہ تین دن سے یہیں ہوں۔ حضرت اسمٰعیلؑ کے وعدہ کی انتہائی سچائی اس وقت ظاہر ہوئی جب اپنے باپ ابراہیمؑ سے کہا تھا یٰۤاَبَتِ افۡعَلۡ مَا تُؤۡمَرُ ۫ سَتَجِدُنِیۡۤ اِنۡ شَآءَ اللّٰہُ مِنَ الصّٰبِرِیۡنَ (صافات۔۱۰۲) اور اسی طرح کر کے دکھایا۔