حضرت اسمٰعیل کی گھر والوں کو تبلیغ
کیونکہ گھر والے قریب ہونے کی وجہ سے ہدایت کے اول مستحق ہیں۔ ان سے آگے کو سلسلہ چلتا ہے۔ اسی لئے دوسری جگہ فرمایا وَ اۡمُرۡ اَہۡلَکَ بِالصَّلٰوۃِ وَ اصۡطَبِرۡ عَلَیۡہَا (طٰہ۔۱۰۲) اور یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا قُوۡۤا اَنۡفُسَکُمۡ وَ اَہۡلِیۡکُمۡ نَارًا (تحریم۔۶) خود نبی کریم ﷺ کو بھی یہ ہی ارشاد ہوا۔ وَاَنْذِرْ عَشِیْرَتَکَ الْاَ قْرَبِیْنَ(شعراء رکوع۱۱) بعض کہتے ہیں کہ یہاں "اہل" سے ان کی ساری قوم مراد ہے۔ چنانچہ عبداللہ بن مسعودؓ کے مصحف میں "اَہْلَہ" کی جگہ "قومَہٗ" تھا ۔ واللہ اعلم۔
یعنی دوسروں کو ہدایت کرنا اور خود اپنے اقوال و افعال میں پسندیدہ مستقیم الحال اور مرضی الخصال تھا۔