مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مریم آیت 58 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

أُو۟لَـٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ أَنْعَمَ ٱللَّهُ عَلَيْهِم مِّنَ ٱلنَّبِيِّـۧنَ مِن ذُرِّيَّةِ ءَادَمَ وَمِمَّنْ حَمَلْنَا مَعَ نُوحٍ وَمِن ذُرِّيَّةِ إِبْرَٰهِيمَ وَإِسْرَٰٓءِيلَ وَمِمَّنْ هَدَيْنَا وَٱجْتَبَيْنَآ ۚ إِذَا تُتْلَىٰ عَلَيْهِمْ ءَايَـٰتُ ٱلرَّحْمَـٰنِ خَرُّوا۟ سُجَّدًا وَبُكِيًّا ۩ ﴿٥٨﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

یہی لوگ انعام والے ہیں

یعنی جن انبیاء کا ابتدائے سورۃ سے یہاں تک ذکر ہوا ۔ اسی قسم کے لوگوں پر حق تعالیٰ نے اپنے انعامات کی بارش کی ہے۔ یہ سب آدم کی اولاد ہیں اور ادریس کے سوا باقی سب انکی اولاد بھی ہیں جنہیں نوحؑ کے ساتھ ہم نےکشتی پر سوار کیا تھا اور بعض ابراہیمؑ کی ذریت میں ہیں ۔ مثلًا اسحاق ، یعقوب ، اسمٰعیل علیہم السلام اور بعض اسرائیل (یعقوب) علیہ السلام کی نسل سے ہیں۔ مثلًا موسٰی، ہارون ، زکریا، یحیٰی، عیسٰی علیہم السلام۔

یعنی طریق حق کی طرف ہدایت کی اور منصب نبوت و رسالت کے لئے پسند کر لیا۔

تلاوت قرآن کا ادب

یعنی باوجود اس قدر علو مقام او رمعراج کمال پر پہنچنے کے شان عبودیت و بندگی میں کامل ہیں ۔ اللہ کا کلام سن کر اور اس کے مضامین سے متاثر ہو کر نہایت عاجزی اور خشوع و خضوع کے ساتھ سجدہ میں گر پڑتے ہیں اور اس کو یاد کر کے روتے ہیں اسی لئے علماء کا اجماع ہے کہ اس آیت پر سجدہ کرنا چاہئے۔ تا ان مقربین کے طرز عمل کو یاد کر کے ایک طرح کی مشابہت ان سے حاصل ہو جائے۔ روایات میں ہے کہ حضرت عمرؓ نے سورہ مریم پڑھ کو سجدہ کیا اور فرمایا ہذا السُّجُوْدُ فَاَیْنَ البکی (یہ تو سجدہ ہوا ، آگے بکاء کہاں ہے) بعض مفسرین نے یہاں "آیات الرحمٰن" سے خاص آیات سجود اور "سُجَّدا" سے سجود تلاوت مرا لیا ہے۔ مگر ظاہر وہ ہی ہے جو تقریر ہم پہلے کر چکے ہیں حدیث میں ہے کہ قرآن کی تلاوت کرو اور روؤ ، اگر رونا نہ آئے تو (کم ازکم) رونے کی صورت بنا لو۔