فساد فی الارض
خلاصہ یہ ہے کہ منافقین بچند وجوہ فساد پھیلاتے تھے، اول تو خواہش نفسانیہ میں منہمک تھے اور انقیاد و احکام شریعہ سے کاہل اور متنفر تھے دوسرے مسلمانوں اور کافروں دونوں کے پاس آتے جاتے تھے اور اپنی قدرومنزلت بڑھانے کو ہر ایک کی باتیں دوسرے تک پہنچاتے رہتے تھے ۔ تیسرے کفار سے نہایت مدارات و مخالطت سے پیش آتے تھے اور امور دین کی مخالفت پر کفار پر اصلًا مزاحمت نہ کرتے تھے اور کفار کے اعتراضات و شبہات کو جو دین کی باتوں پر ہوتے تھے مسلمانوں کے روبرو نقل کرتے تھے تاکہ ضعیف الاعتقاد اور ضعیف الفہم احکام شریعہ میں متردد ہو جائیں اور جب کوئی ان فسادات سے اُن کو منع کرتا تو جواب دیتے تھے کہ ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں اور چاہتے ہیں کہ تمام قوم اور ملک مثل زمانہ سابق شیروشکر ہو کر رہیں اور دین جدید کی وجہ سے جو مخالفت بڑھ گئ ہے بالکل جاتی رہے چنانچہ ہر زمانہ میں دنیا طلب ہوا پرست ایسا ہی کہا کرتے ہیں۔