مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ طٰہٰ آیت 11 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

فَلَمَّآ أَتَىٰهَا نُودِىَ يَـٰمُوسَىٰٓ ﴿١١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

طور پر حضرت موسٰی علیہ السلام کو آگ کا نظر آنا

اس قصہ کے مختلف اجزاء سورہ قصص ، سورہ طہٰ اور سورہ اعراف میں سے جمع کئے جا سکتے ہیں۔ یہاں مدین سے مصر کی طرف واپسی کا واقعہ مذکور ہے۔ مدین میں حضرت شعیبؑ کی صاحبزادی سے حضرت موسٰیؑ کا نکاح ہو گیا تھا۔ کئ سال وہاں مقیم رہنے کے بعد حضرت موسٰیؑ نے مصر جانے کا ارادہ کیا ۔ حاملہ بیوی ہمراہ تھی ، رات اندھیری تھی ، سردی کا شباب تھا، بکریوں کا گلہ بھی ساتھ لے کر چلے تھے۔ اس حالت میں راستہ بھول گئے بکریاں متفرق ہو گئیں اور بیوی کر دردزہ شروع ہو گیا۔ اندھیرے میں سخت پریشان تھے سردی میں تاپنے کے لئے آگ موجود نہ تھی چقماق مارنے سے بھی آگ نہ نکلی۔ ان مصائب کی تاریکیوں میں دفعۃً دور سے ایک آگ نظر آئی۔ وہ حقیقت میں دنیوی آگ نہ تھی ۔ اللہ کا نور جلال تھا یا حجاب ناری تھا ( جس کا ذکر مسلم کی حدیث میں آیا ہے) موسٰیؑ نے ظاہری آگ سمجھ کر گھر والوں سے کہا کہ تم یہیں ٹھہرو ۔ میں جاتا ہوں شاید اس آگ کا ایک شعلہ لا سکوں یا وہاں پہنچ کر کوئی راستہ کا پتہ بتلانے والا مل جائے۔ کہتے ہیں کہ اس پاک میدان میں پہنچ کر عجیب نظارہ دیکھا ۔ ایک درخت میں زور شور سے آگ لگ رہی ہے ۔ اور آگ جس قدر زور سے بھڑکتی ہے درخت اسی قدر زیادہ سر سبز ہو کر لہلہاتا ہے اور جوں جوں درخت کی سرسبزی و شادابی بڑھتی ہے آگ کا اشتعال تیز ہوتا جاتا ہے۔ موسٰیؑ نے آگ کے قریب جانے کا قصد کیا کہ درخت کی کوئی شاخ جل کر گرے تو اٹھا لائیں، لیکن جتنا وہ آگ سے نزدیک ہونا چاہتے آگ دور ہٹتی جاتی اور جب گھبرا کر ہٹنا چاہتے تو آگ تعاقب کرتی۔ حق تعالیٰ کا خطاب: اسی حیرت و دہشت کی حالت میں آواز آئی اِنِّیْ اَنَا رَبُّکَ گویا وہ درخت بلا تشبیہ اس وقت غیبی ٹیلی فون کا کام دے رہا تھا۔ امام احمد نے وہب سے نقل کیا ہے کہ موسٰیؑ نے جب "یا موسٰی" سنا تو کئ بار "لبیک" کہا اور عرض کیا کہ میں تیری آواز سنتا ہوں اور آہٹ پاتا ہوں مگر یہ نہیں دیکھتا کہ تو کہاں ہے ۔ آواز آئی ۔ "میں تیرے اوپر ہوں تیرے ساتھ ہوں تیرے سامنے ہوں تیرے پیچھے ہوں اور تیری جان سے زیادہ تجھ سے نزدیک ہوں" ۔ کہتے ہیں کہ موسٰیؑ ہر جہت سے اور اپنے ایک ایک بال سے اللہ کا کلام سنتے تھے۔