حضرت موسٰی علیہ السلام کا تفصیلی واقعہ اور اس کا ربط
یہاں سے حضرت موسٰیؑ کا قصہ بہت بسط و تفصیل کے ساتھ بیان فرمایا ہے تاکہ سامعین سمجھ جائیں کہ نبی کریم ﷺ کی طرف قرآن کی وحی بھیجنا کوئی انوکھی بات نہیں۔ جس طرح پیشتر موسٰیؑ کو وحی مل چکی ہے ، آ پ کو بھی ملی، جیسے موسٰیؑ کی وحی توحید وغیرہ کی تعلیم پر مشتمل تھی ،آپ کی وحی میں بھی ان ہی اصول پر زور دیا گیا ہے۔ حضرت موسٰیؑ نے تبلیغ حق میں جو صعوبات و شداید برداشت کیں ، آپ کو بھی برداشت کرنی پڑیں گی اور جس طرح انکو آخر کار کامیابی اور غلبہ نصیب ہوا اور دشمن مقہور و مخذول ہوئے ، آپ بھی یقینًا غالب و منصور ہوں گے اور آپ کے دشمن تباہ و ذلیل کئے جائیں گے ۔ چونکہ سورت کا آغاز انزال قرآن کے ذکر سے کیا گیا تھا اس کے مناسب نبوت موسوی کے آغاز کا قصہ بیان فرماتے ہیں۔