یعنی کوئی ایسی کھلی نشانی کیوں نہیں دکھلاتے جس کے بعد ہم کو انکار کی گنجائش ہی نہ رہے۔ ورنہ اس روز روز کی تہدید و تخویف سے کیا فائدہ۔
کفار کا مطالبہ معجزات
حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "یعنی اگلی کتابوں میں خبر ہے رسول آخرالزماں کی ۔ یا یہ معنی کہ پہلے پیغمبروں کی نشانی کافی ہے۔ یہ پیغمبر بھی اصولًا ان ہی باتوں کا تقید کرتا ہے۔ کوئی انوکھی بات نہیں کہتا ۔ یا یہ نشانی کہ اگلی کتابوں کے موافق واقعات بیان کرتا ہے " اور بہترین تفسیر میرے نزدیک وہ ہے جو ابن کثیرؒ وغیرہ نے اختیار کی۔ یعنی یہ لوگ ہٹ دھرمی سےکہتے ہیں کہ کوئی نشان کیوں نہیں لاتا ۔ کیا اور سینکڑوں نشانات کے علاوہ ان سب سے بڑا عظیم الشان یہ قرآن ان کے پاس نہیں آ چکا جو اگلی کتابوں کے ضروری مضامین کا محافظ اور انکی صداقت کے لئے بطور حجت اور گواہ کے ہے اور جس کا اعجاز آفتاب سے زیادہ روشن ہے۔ وَ قَالُوۡا لَوۡ لَاۤ اُنۡزِلَ عَلَیۡہِ اٰیٰتٌ مِّنۡ رَّبِّہٖ ؕ قُلۡ اِنَّمَا الۡاٰیٰتُ عِنۡدَ اللّٰہِ ؕ وَ اِنَّمَاۤ اَنَا نَذِیۡرٌ مُّبِیۡنٌ۔ اَوَ لَمۡ یَکۡفِہِمۡ اَنَّاۤ اَنۡزَلۡنَا عَلَیۡکَ الۡکِتٰبَ یُتۡلٰی عَلَیۡہِمۡ ؕ اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَرَحۡمَۃً وَّ ذِکۡرٰی لِقَوۡمٍ یُّؤۡمِنُوۡنَ (عنکبوت۔۵۰،۵۱)