مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ طٰہٰ آیت 40 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

إِذْ تَمْشِىٓ أُخْتُكَ فَتَقُولُ هَلْ أَدُلُّكُمْ عَلَىٰ مَن يَكْفُلُهُۥ ۖ فَرَجَعْنَـٰكَ إِلَىٰٓ أُمِّكَ كَىْ تَقَرَّ عَيْنُهَا وَلَا تَحْزَنَ ۚ وَقَتَلْتَ نَفْسًا فَنَجَّيْنَـٰكَ مِنَ ٱلْغَمِّ وَفَتَنَّـٰكَ فُتُونًا ۚ فَلَبِثْتَ سِنِينَ فِىٓ أَهْلِ مَدْيَنَ ثُمَّ جِئْتَ عَلَىٰ قَدَرٍ يَـٰمُوسَىٰ ﴿٤٠﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

ماں اور بچے کا یکجا ہونا

پورا قصہ دوسری جگہ آئے گا۔ حضرت موسٰیؑ کی والدہ صندوق نہر میں چھوڑنے کے بعد بمقتضائے بشریت بہت غمگین اورپریشان تھیں کہ بچہ کا کیا حشر ہوا ہو گا ، معلوم نہیں زندہ ہے یا جانوروں نے کھا لیا۔ حضرت موسٰیؑ کی بہن کو کہا کہ تو خفیہ طور پر پتہ لگا ۔ ادھر مشیت ایزدی سے یہ سامان ہوا کہ حضرت موسٰیؑ کسی عورت کا دودھ نہیں پیتے تھے۔ بہت سی انّائیں بلائی گئیں ، کامیابی نہ ہوئی۔ موسٰیؑ کی بہن جو تاک میں لگی ہوئی تھی، بولی کہ میں ایک عورت کو لا سکتی ہوں ، امید ہےکہ وہ کسی طرح دودھ پلا کر بچہ کو پال سکے گی۔ حکم ہوا بلاؤ۔ وہ موسٰیؑ کی والدہ کو لے کر پہنچی ۔ چھاتی سے لگاتے ہی بچہ نے دودھ پینا شروع کر دیا۔ فرعون کے گھر بڑی خوشیاں منائی جانے لگیں۔ موسٰیؑ کی والدہ نے کہا کہ میں یہاں نہیں رہ سکتی اجازت دو کہ اپنے گھر لے جاؤں اور پوری حفاظت و اہتمام سےبچہ کو پرورش کروں آخر فرعون کی طرف سے بطور دایہ کے بچہ کی تربیت پر مامور ہو کر اپنے گھر لے آئیں اور شاہانہ اعزاز و اکرام کے ساتھ موسٰیؑ کی تربیت میں لگی رہیں۔

قبطی کا مارا جانا

یہ پورا قصہ سورہ قصص میں آئے گا ۔ خلاصہ یہ ہے کہ جوان ہونےکے بعد موسٰیؑ کے ہاتھ سے ایک قبطی مارا گیا تھا ، موسٰیؑ ڈرے کہ دنیا میں پکڑا جاؤں گا اور آخرت میں بھی ماخوذ ہوں گا ۔ دونوں قسم کی پریشانی سے خدا تعالیٰ نے نجات دی اخروی پریشانی سے اس طرح کہ توبہ کی توفیق بخشی جو قبول ہو گئ اور دنیوی سے اس طرح کہ موسٰیؑ کو مصر سے نکال کر مدین پہنچا دیا جہاں حضرت شعیبؑ کی صاحبزادی سے ان کا نکاح ہو گیا۔ پورا قصہ دوسری جگہ آئے گا۔

یعنی اللہ تعالیٰ نے تم کو کئ طرح جانچا جس میں تم کھرے ثابت ہوئے۔ (تنبیہ) اس موقع پر مفسرین نےحدیث الفتون کے عنوان سےایک نہایت طویل روایت ابن عباس کی نقل کی ہے جس کے متعلق حافظ ابن کثیر کے الفاظ یہ ہیں ۔ وَھُوَ موقوفٌ مِنْ کلام ابن عباس ولیس فیہ مرفوع الا قلیل منہ وکانہ تلقّاہ ابن عباس مما اُبِیْح نقلہ من الا سرائیلیات من کعب الاحبار وغیرہ واللّٰہ اعلم وسمعت شیخنا الحافظ ابا الحجاج المزّی یقول ذلک ایضًا ۔