حضرت ہارون علیہ السلام سے حضرت موسٰی علیہ السلام کی بازپرس
حضرت موسٰیؑ نے فرط جوش میں ہارونؑ کی داڑھی اور سر کے بال پکڑ لئے تھے۔ اس کی مفصل بحث سورہ اعراف کے فوائد میں گذر چکی۔
حضرت ہارون علیہ السلام کی معذرت
یعنی میری سمجھ میں یہ ہی آیا کہ تمہارے آنے کا انتظار اس سے بہتر ہے کہ تمہارے پیچھے کوئی ایسا کام کروں جس سے بنی اسرائیل میں پھوٹ پڑ جائے۔ کیونکہ ظاہر ہے اگر مقابلہ یا انقطاع ہوتا تو کچھ لوگ میرےساتھ ہوتے اور بہت سے مخالف رہتے ۔ مجھے ڈر ہوا کہ تم آ کر یہ الزام نہ دو کہ میرا انتظار کیوں نہ کیا؟ اور قوم میں ایسا تفرقہ کیوں ڈال دیا۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں کہ چلتے وقت موسٰیؑ ہارونؑ کو نصیحت کر گئے تھے کہ سب کو متفق رکھیو۔ اس لئے انہوں نے بچھڑا پوجنے والوں کا مقابلہ نہ کیا ۔ زبان سے البتہ سمجھایا وہ نہ سمجھے بلکہ ان کے قتل پر تیار ہونے لگے وَ کَادُوۡا یَقۡتُلُوۡنَنِیۡ (اعراف۔۱۵۰)۔