حضرت جبریل علیہ السلام کے پاؤں تلے کی مٹی
سامری نےکہا کہ مجھ کو ایک ایسی چیز نظر پڑی جو اوروں نےنہیں دیکھی تھی۔ یعنی خدا کے بھیجے ہوئے فرشتہ (جبریل) کو گھوڑے پر سوار دیکھا ۔ شاید یہ اس وقت ہوا ہو جب بنی اسرائیل دریا میں گھسے اور پیچھے پیچھے فرعون کا لشکر گھسا اس حالت میں جبریل دونوں جماعتوں کے درمیان میں کھڑے ہو گئے تا ایک کو دوسرے سے ملنے نہ دیں۔ بہرحال سامری نے کسی محسوس دلیل سے یا وجدان سے یا کسی قسم کے تعارف سابق کی بناء پر سمجھ لیا کہ یہ جبریل ہیں ان کےگھوڑے کے پاؤں کے نیچے سے مٹھی بھر مٹی اٹھا لی۔ وہ ہی اب سونے کے بچھڑے میں ڈال دی۔ کیونکہ اس کے جی میں یہ بات آئی کہ روح القدس کی خاک پا میں یقینًا کوئی خاص تاثیر ہو گی۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں کہ سونا تھا کافروں کا مال لیا ہوا فریب سے ، اس میں مٹی پڑی برکت کی ، حق اور باطل مل کر ایک کرشمہ بن گیا کہ جاندار کی روح اور آواز اس میں ہو گئ۔ ایسی چیزوں سے بہت بچنا چاہئے۔ اسی سے بت پرستی بڑھتی ہے۔ (تنبیہ) آیت کی جو تفسیر اوپر بیان ہوئی۔ صحابہ و تابعین اور علمائے مفسرین سے یہ ہی منقول ہے بعض زائغین نے اس پر جو طعن کئے ہیں اور آیت کی دور از صواب تاویلیں کی ہیں ، ان کا کافی جواب صاحب روح المعانی نے دیا ہے یہاں اس قدر بسط کا موقع نہیں ۔ من شاء فلیر اجعہ۔