سامری کی سزا
یعنی مجھے ہاتھ مت لگاؤ مجھ سے علیحدہ رہو، چونکہ اس نے بچھڑے کا ڈھونگ بنایا تھا حب جاہ و ریاست سے کہ لوگ اس کے ساتھ ہوں اور سردار مانیں اس کے مناسب سزا ملی کہ کوئی پاس نہ پھٹکے ، جو قریب جائے وہ خود دور رہنے کی ہدایت کر دے۔ اور دنیا میں بالکل ایک ذلیل ، اچھوت ، اور وحشی جانور کی طرح زندگی گذارے۔
حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں کہ دنیا میں اسکو یہ ہی سزا ملی کہ لشکربنی اسرائیل سے باہر الگ رہتا۔ اگر وہ کسی سے ملتا یا کوئی اس سے تو دونوں کو تپ چڑھتی ، اسی لئے لوگوں کو دور دور کر تا۔ اور یہ جو فرمایا کہ ایک وعدہ ہے جو خلاف نہ ہو گا۔ شاید مراد عذاب آخرت ہے اور شاید دجال کا نکلنا۔ وہ بھی یہود میں سامری کےفساد کی تکمیل کرے گا جیسے ہمارے پیغمبر مال بانٹتے تھے ، ایک شخص نے کہا انصاف سے بانٹو فرمایا "اسکی جنس کے لوگ نکلیں گے" وہ خارجی نکلےکہ اپنے پیشواؤں پر لگے اعتراض پکڑنے جو کوئی دین کے پیشواؤں پر طعن کرے ایسا ہی ہے۔
یعنی تیری سزا تو یہ ہوئی ۔ اب تیرے جھوٹے معبود کی قلعی بھی کھولے دیتا ہوں جس بچھڑےکو تو نے خدا بنایا اور دن بھر وہاں دل جمائے بیٹھا رہتا تھا ، ابھی تیری آنکھوں کے سامنے توڑ پھوڑ کر اور جلا کر راکھ کر دوں گا۔ پھر راکھ کو دریا میں بہا دوں گا۔ تا اس کے پجاریوں کو خوب واضح ہو جائے کہ وہ دوسروں کو تو کیا نفع نقصان پہنچاسکتا ۔ خود اپنے وجود کی بھی حفاظت نہیں کر سکتا۔