مومنین سے وعدہ الہٰی
کامل وفادار بندوں سے حق تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ ان کو دنیا و آخرت کی کامیابی اور اس زمین اور جنت کی زمین کا وارث بنائے گا۔ چنانچہ فرمایا۔ اِنَّ الۡاَرۡضَ لِلّٰہِ ۟ۙ یُوۡرِثُہَا مَنۡ یَّشَآءُ مِنۡ عِبَادِہٖ ؕ وَ الۡعَاقِبَۃُ لِلۡمُتَّقِیۡنَ (اعراف۔۱ٍ۲۸) اور اِنَّا لَنَنۡصُرُ رُسُلَنَا وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا وَ یَوۡمَ یَقُوۡمُ الۡاَشۡہَادُ ۔ (مومن۔۵۱) اور وَعَدَ اللّٰہُ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا مِنۡکُمۡ وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَیَسۡتَخۡلِفَنَّہُمۡ فِی الۡاَرۡضِ کَمَا اسۡتَخۡلَفَ الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِہِمۡ ۪ وَ لَیُمَکِّنَنَّ لَہُمۡ دِیۡنَہُمُ الَّذِی ارۡتَضٰی لَہُمۡ (نور۔۵۵) یہ ایسا حتمی اور قطعی وعدہ ہے جس کی خبر اس نے اپنی کتب شرعیہ اور کتب قدریہ میں دی "لوح محفوظ" اور "ام الکتاب" میں یہ وعدہ درج کیا اور انبیاء علیہم السلام کی زبانی باربار اعلان کرایا۔ داؤدؑ کی کتاب "زبور" ۳۷۔۲۹ میں ہے کہ "صادق زمین کے وارث ہوں گے" چنانچہ اس امت میں کے کامل وفادار اور صادق بندے مدت دراز تک زمین کے وارث رہے شرق و غرب میں انہوں نے آسمانی بادشاہت قائم کی ، عدل و انصاف کے جھنڈے گاڑ دیے دین حق کا ڈنکا چار دانگ عالم میں بجا دیا۔ اور نبی کریم ﷺ کی یہ پیشین گوئی ان کے ہاتھوں پر پوری ہوئی ہوئی اِنَّ اللّٰہَ تَعَالٰی زَوَیَ لِیَ الْاَرْضَ فَرَأیتُ مَشَارِقَھَا وَمَغَارِبَھَا وَاِنَّ اُمَّتِی سَیَبْلُغُ مُلکھَا ما زُوِیَ لِی مِنْھَا اور اسی قسم کی دوسری پیشین گوئی امام مہدی اور حضرت مسیحؑ کے زمانہ میں پوری ہو کر رہے گی۔