تخلیق کا ابتدائی مادہ
"رتق" کے اصل معنے اور ایک دوسرے میں گھسنے کے ہیں ۔ ابتداءً زمین و آسمان دونوں ظلمت عدم میں ایک دوسرے سے غیر متمیز پڑے تھے ، پھر وجود کے ابتدائی مراحل میں بھی دونوں خلط ملط رہے ، بعدہ قدرت کے ہاتھ نے دونوں کو ایک دوسرے سے جدا کیا ، اس تمیز کے بعد ہر ایک کے طبقات الگ الگ بنے ، اس پر بھی منہ بند تھے نہ آسمان سے بارش ہوتی تھی نہ زمین سے روئیدگی ، آخر خداتعالیٰ نے بنی نوع انسان کے فائدہ کے لئے دونوں کے منہ کھول دئیے ، اوپر سے پانی کا دہانہ کھلا ، نیچے سے زمین کے مسام کھل گئے۔ اسی زمین میں سے حق تعالیٰ نے نہریں اور کانیں اور طرح طرح کے سبزے نکالے ، آسمان کو کتنے بیشمار ستاروں سے مزّین کر دیا جن میں سے ہر ایک کا گھر جدا اور چال جدی رکھی۔
زندگی کی ابتدا پانی سے
یعنی عمومًا جاندار چیزیں جو تم کو نظر آتی ہیں بالواسطہ و بلاواسطہ پانی سے بنائی گئیں پانی ہی ان کا مادہ ہے الّا کوئی ایسی مخلوق جس کی نسبت ثابت ہو جائے کہ اس کی پیدائش میں پانی کو دخل نہیں وہ مستثنٰی ہو گی ۔ تاہم للاکثر حکم الکل کے اعتبار سے یہ کلیہ صادق رہے گا۔
یعنی قدرت کے ایسےکھلے نشان اور محکم انتظامات کو دیکھ کر بھی کیا لوگوں کو خدا کے وجود اور اس کی وحدانیت پر یقین نہیں آتا۔