دربار داؤد علیہ السلام میں مقدمہ اور حضرت سلیمان علیہ السلام کا حکیمانہ فیصلہ
حضرت داؤدؑ اللہ کے پیغمبر تھے ۔ حضرت سلیمانؑ ان کے صاحبزادے ہیں ، اور خود نبی ہیں دونوں کو اللہ تعالیٰ نے حکومت ، قوت فیصلہ اور علم و حکمت عنایت فرمائے تھے۔ حضرت سلیمانؑ بچپن ہی میں میں اس قدر غیر معمولی سمجھ کی باتیں کرتے تھے کہ سننے والے حیران رہ جائیں حضرت داؤدؑ کی خدمت میں ایک مقدمہ پیش ہو اکہ ایک شخص کےکھیت میں رات کے وقت دوسرے لوگوں کی بکریاں آ گھسیں کھیتی کا نقصان ہوا ، حضرت داؤدؑ نے یہ دیکھ کر کہ بکریوں کی قیمت اس مالیت کے برابر ہے۔ جس کا کھیت والے نے نقصان اٹھایا تھا، یہ فیصلہ کیا کہ بکریاں کھیتی والے کو دے دی جائیں۔ حضرت سلیمانؑ نےفرمایا کہ میرےنزدیک کھیتی والا بکریاں اپنے پاس رکھے اور دودھ پئے اور بکریوں والےکھیت کی آبپاشی اور تردد کریں جب کھیتی جیسی تھی ویسی ہو جائے تو بکریاں لوٹا دیں اور کھیتی لے لیں اس میں دونوں کا نقصان نہ ہو گا۔ حضرت داؤدؑ نے بھی یہ فیصلہ سن کر تحسین فرمائی اور اپنے اجتہاد سے رجوع کیا۔گویا اصول فقہ کی اصطلاح میں سلیمانؑ کے استحسان کو اپنے قیاس کے مقابلہ میں قبول فرما لیا۔ باپ بیٹے دونوں نے جو فیصلہ شرکائے مقدمہ کے حق میں کیا وہ اللہ تعالیٰ کے سامنے تھا اور دونوں ہی کو اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف سے فیصلہ کرنے کی قوت اور سمجھ عنایت کی تھی۔ لیکن اصل گر کی بات اس نےسلیمانؑ کو سمجھا دی وہ اس نتیجہ پر پہنچے جو اللہ کے نزدیک اصلح و اصوب تھا اور جسے آخر کار داؤدؑ نے بھی قبول کیا۔ اس واقعہ سے ظاہر ہوا کہ انبیاء علیہم السلام بادشاہ ہو کر بھی مخلوق کے چھوٹے چھوٹے معاملات کی طرف اسی قدر توجہ فرماتے ہیں۔ جیسے بڑے مہم کاموں کی طرف۔
لحن داؤدی کی معجزانہ تاثیر
حضرت داؤدؑ بے انتہا خوش آواز تھے اس پر پیغمبرانہ تاثیر ، حالت یہ ہوتی تھی کہ جب جوش میں آ کر زبور پڑھتے یا خدا کی تسبیح و تحمید کرتے تو پہاڑ اور پرند جانور بھی ان کےساتھ آواز سے تسبیح پڑھنے لگتے تھے۔
پہاڑوں اور پرندوں کی تسبیح کی دلیل
یعنی تعجب نہ کرو کہ پتھر اور جانور کیسے بولتے اور تسبیح پڑھتے ہوں گے ۔ یہ سب کچھ ہمارا کیا ہوا تھا، بھلا ہماری لا محدود قدرت کے لحاظ سے یہ بایتں کیا مستبعد سمجھی جا سکتی ہیں۔