سرکش جنات پر حضرت سلیمان علیہ السلام کی حکومت
شیاطین سے مراد سرکش جن ہیں ، ان سے حضرت سلیمانؑ دریا میں غوطہ لگواتے تا موتی اور جواہر اس کی تہ میں سے نکالیں اور عمارات میں بھاری کام کرواتے اور حوض کے برابر تانبے کے لگن اور بڑی عظیم الشان دیگیں جو اپنی جگہ سے ہل نہ سکیں بنوا کر اٹھواتے تھے اور سخت سخت کام ان سے لیتے ۔ معلوم ہوتا ہےکہ جس قسم کے حیرت انگیز کام اس زمانہ میں اللہ تعالیٰ نے مادی قوتوں سے کرائے ہیں اس وقت مخفی اور روحی قوتوں سےکرائے جاتے تھے۔
جنات کی تسخیر اللہ کی طرف سے تھی
یعنی ہم نے اپنے اقتدار کامل سے ان شیاطین کو سلیمانؑ کی قید میں اس طرح تھام رکھا تھا کہ جو چاہتے ان سے بیگار لیتے تھے اور وہ کوئی ضرر سلیمانؑ کو نہیں پہنچا سکتے تھے ۔ ورنہ آدمی کی کیا بساط ہے کہ ایسی مخلوق کو اپنے قبضہ میں کر لے اور زنجیروں میں جکڑ کر رکھ چھوڑے۔ وَّ اٰخَرِیۡنَ مُقَرَّنِیۡنَ فِی الۡاَصۡفَادِ (صٓ۔۳۸)