حضرت ایوب علیہ السلام کی تکلیف اور دعا
حضرت ایوبؑ کو حق تعالیٰ نے دنیا میں سب طرح آسودہ رکھا تھا ، کھیت ، مواشی ، لونڈی غلام اولاد صالح ، اور عورت مرضی کےموافق عطا کی تھی۔ حضرت ایوبؑ بڑے شکر گذار بندے تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کو آزمائش میں ڈالا ، کھیت جل گئے ، مواشی مر گئے ، اور اولاد اکھٹی دب مری ، دوست آشنا الگ ہو گئے ، بدن میں آبلے پڑ کر کیڑے پڑ گئے ، ایک بیوی رفیق رہی ، آخر میں وہ بے چاری بھی اکتانے لگی ۔ مگر حضرت ایوبؑ جیسے نعمت میں شاکر تھے ویسے ہی بلا میں صابر رہے ۔ جب تکلیف و اذیت اور دشمنوں کی شماتت حد سے گذر گئ ۔ بلکہ دوست بھی کہنے لگے کہ یقینًا ایوبؑ نے کوئی ایسا سخت گناہ کیا ہے ۔ جس کی سزا ایسی ہی سخت ہو سکتی تھی ، تب دعا کی رَبَّہٗۤ اَنِّیۡ مَسَّنِیَ الضُّرُّ وَ اَنۡتَ اَرۡحَمُ الرّٰحِمِیۡنَ رب کو پکارنا تھا کہ دریائے رحمت امنڈ پڑا اللہ تعالیٰ نے مری ہوئی اولاد سے دگنی اولاد دی ، زمین سے چشمہ نکالا ۔ اسی سے پانی پی کر اور نہا کر تندرست ہوئے ۔ بدن کا سارا روگ جاتا رہا۔ اور جیسا کہ حدیث میں ہے سونے کی ٹڈیاں برسائیں ۔ غرض سب طرح درست کر دیا۔
ہر ابتلاء غضب نہیں ہوتا
یعنی ایوبؑ پر یہ مہربانی ہوئی اور تمام بندگی کرنے والوں کے لئے ایک نصیحت اور یادگار قائم ہو گئ کہ جب کسی نیک بندے پر دنیا میں برا وقت آئے تو ایوبؑ کی طرح صبر و استقلال دکھلانا اور صرف اپنے پروردگار سے فریاد کرنا چاہئے ۔ حق تعالیٰ اس پر نظر عنایت فرمائے گا۔ اور محض ایسے ابتلاء کو دیکھ کر کسی شخص کی نسبت یہ گمان نہیں کرنا چاہئے کہ وہ اللہ کے یہاں مبغوض ہے۔