منافع حج
اصل مقصد تو دینی و اخروی فوائد کی تحصیل ہے مثلًا حج و عمرہ اور دوسری عبادات کے ذریعہ حق تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنا اور روحانی ترقیات کے بلند مقامات پر فائز ہونا ۔ لیکن اس عظیم الشان اجتماع کے ضمن میں بہت سے سیاسی ، تمدنی اور اقتصادی فوائد بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ کما لا یخفی۔
ایام معلومات میں ذکر اللہ
"ایام معلومات" سے بعض کے نزدیک ذی الحجہ کا پہلا عشرہ اور بعض کے نزدیک تین دن تک قربانی کے مراد ہیں۔ بہرحال ان ایام میں ذکر اللہ کی بڑی فضیلت آئی ہے۔ اسی ذکر کے تحت میں خصوصیت کے ساتھ یہ بھی داخل ہےکہ قربانی کےجانوروں کو ذبح کرتے ہوئے اللہ کا نام لیا جائے اور بسم اللہ اللہ اکبر کہا جائے ۔ ان دِنوں میں بہترین عمل یہ ہی ہے اللہ کے نام پر ذبح کرنا۔
قربانی کا گوشت کھانے کی اجازت
بعض کفار کا خیال تھا کہ قربانی کا گوشت خود قربانی کرنے والے کو نہ کھانا چاہیئے ، اس کی اصلاح فرما دی کہ شوق سے کھاؤ ، دوستوں کو دو اور مصیبت زدہ محتاجوں کو کھلاؤ۔