مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ حج آیت 29 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

ثُمَّ لْيَقْضُوا۟ تَفَثَهُمْ وَلْيُوفُوا۟ نُذُورَهُمْ وَلْيَطَّوَّفُوا۟ بِٱلْبَيْتِ ٱلْعَتِيقِ ﴿٢٩﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

بیت اللہ کا طواف

جہاں سے لبیک شروع کرتے ہیں حجامت نہیں بنواتے ، ناخن نہیں لیتے ، بالوں میں تیل نہیں ڈالتے بدن پر میل اور گردوغبار چڑھ جاتا ہے زیادہ مل دل کر غسل نہیں کرتے ، ایک عجیب عاشقانہ و مستانہ حالت ہوتی ہے ، اب دسویں تاریخ کو سب قصے تمام کرتے ہیں ، حجامت بنوا کر غسل کر کے سلے ہوئے کپڑے پہن کر طواف زیارت کو جاتے ہیں ، جس کو ذبح کرنا ہو پہلے ذبح کر لیتا ہے اور اپنی منتیں پوری کرنے سے یہ مراد ہے کہ اپنی مرادوں کے واسطے جو منتیں مانی ہوں ادا کریں۔ اصل منت اللہ کی ہے اور کسی کی نہیں بعض کے نزدیک "نذدر" کے لفظ سے مناسک حج یا واجبات حج مراد ہیں۔ اور یہ ہی اقرب معلوم ہوتا ہے۔ واللہ اعلم۔ (تنبیہ) "عتیق" کے معنی قدیم پرانے کے ہیں ، اور بعض کے نزدیک "بیت عتیق" اس لئے کہا کہ اس گھر کو برباد کرنے کی غرض سے جو طاقت اٹھے گی حق تعالیٰ اس کو کامیاب نہ ہونے دے گا۔ تا آنکہ خود اس کا اٹھا لینا منظور ہو۔