حرمت اللہ کی تشریح
یعنی حرام چیزوں کو بھاری سمجھ کر چھوڑ دینا یا اللہ نے جن چیزوں کو محترم قرار دیا ہے ان کا ادب و تعظیم قائم رکھنا بڑی خوبی اور نیکی کی بات ہے جس کا انجام نہایت اچھا ہو گا۔ محترم چیزوں میں قربانی کا جانور ، بیت اللہ صفا مروہ ، منٰی ، عرفات ، مسجدیں ، قرآن ، بلکہ تمام احکام الہٰیہ آ جاتے ہیں۔ خصوصیت سے یہاں مسجد حرام اور ہدی کے جانور کی تعظیم پر زور دینا ہے کہ خدائے واحد کے پرستاروں کو وہاں آنے سے نہ روکیں نہ قربانی کے آئے ہوئے جانوروں کو واپس جانے پر مجبور کریں بلکہ قیمتی اور موٹے تازے جانور قربان کریں۔
حلال جانوروں کی قربانی
یعنی ان کے ذبح کرنے کا حکم تعظیم حرمات اللہ کے خلاف نہیں ۔ کیونکہ جس مالک نے ایک چیز کی حرمت بتلائی تھی اسی کی اجازت سے اور اسی کے نام پر وہ قربان کی جاتی ہے۔
یعنی جن جانوروں کا حرام ہونا وقتًا فوقتًا تم کو سنایا جاتا رہا ہے جیسا کہ سورہ "انعام" میں تفصیلًا گذر چکا ، وہ حلال نہیں۔
غیراللہ کی قربانی سے اجتناب
یعنی جانور اللہ کی مخلوق و مملوک ہیں ، اس کی اجازت سے اسی کے نام پر ذبح کئے جا سکتے ہیں اور اسی کے کعبہ کی نیاز ہو سکتے ہیں ، جو جانور کسی بت یا دیوی دیوتا کے استھان پر ذبح کیا گیا وہ مردار ہوا۔ ایسی شرکیات اور گندے کاموں سے بچنا ضروری ہے۔
جھوٹی بات سے بچنے کا حکم
جھوٹی بات زبان سے نکالنا، جھوٹی شہادت دینا، اللہ کے پیدا کئے ہوئے جانور کو غیراللہ کے نام نامزد کر کے ذبح کرنا کسی چیز کو بلا دلیل شرع حلال و حرام کہنا ، سب "قول الزور" میں داخل ہے۔ "قول الزور" کی برائی کا اندازہ اس سے ہو سکتا ہے کہ حق تعالیٰ نے اس کو یہاں شرک کے ساتھ ذکر فرمایا ہے اور دوسری جگہ ارشاد ہوا۔ وَ اَنۡ تُشۡرِکُوۡا بِاللّٰہِ مَا لَمۡ یُنَزِّلۡ بِہٖ سُلۡطٰنًا وَّ اَنۡ تَقُوۡلُوۡا عَلَی اللّٰہِ مَا لَا تَعۡلَمُوۡنَ (اعراف ۔۳۳) احادیث میں بڑی تاکید و تشدید سے آپ نے اس کو منع فرمایا ہے۔