مہاجرین کی فضیلت اور انکے اقتدار کی پیشگوئی
یہ اُن ہی مسلمانوں کا بیان ہے جن پر ظلم ہوئے اور جن کو گھروں سے نکالا گیا۔ یعنی خدا ان کی مدد کیوں نہ کرے گا جبکہ وہی ایسی قوم ہے کہ اگر ہم اسے زمین کی سلطنت دے دیں تب بھی خدا سے غافل نہ ہوں۔ بذات خود بدنی و مالی نیکیوں میں لگے رہیں اور دوسروں کو بھی اسی راہ پر ڈالنےکی کوشش کریں۔ چنانچہ حق تعالیٰ نے ان کو زمین کی حکومت عطا کی اور جو پیشین گوئی کی گئ تھی حرف بحرف سچی ہوئی ۔ فللہ الحمد علیٰ ذلک۔ اس آیت سے صحابہؓ خصوصًا مہاجرین اور ان میں اخص خصوص کے طور پر حضرات خلفائے راشدینؓ کی حقانیت اور مقبولیت و منقبت ثابت ہوئی۔
یعنی گو آج مسلمان کمزور اور کافر غالب و قوی نظر آتے ہیں۔لیکن اللہ تعالیٰ کے قبضہ میں ہےکہ آخرکار انہیں منصور و غالب کر دے یا یہ مطلب کہ یہ امت خدا کا دین قائم کرے گی ایک مدت تک آخر اللہ ہی جانے کیا ہوگا۔