ایک استغفار کی تعلیم
یعنی ہماری تقصیرات سے درگذر فرما اور اپنی رحمت سے دنیا و آخرت میں سرفراز کر۔ تیری رحمت بے نہایت کے سامنے کوئی چیز مشکل نہیں۔ ان آیات کی فضیلت: اَفَحَسِبْتُمْ سے ختم سورت کی یہ آیتیں بہت بڑی فضیلت اور تاثیر رکھتی ہیں، جس کا ثبوت بعض احادیث سے ہوا ہے۔ اور مشائخ نے تجربہ کیا ہے ۔ چاہئے کہ ان آیات کا ورد رکھا جائے خاتمہ پر دعاء تبرکا و تفاؤلا نقل کرتا ہوں جو رسول کریم ﷺ نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کو تلقین فرمائی کیونکہ اس کے الفاظ ان آیات کے مناسب ہیں۔ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ ظَلَمْتُ نَفْسِیْ ظُلْمًا کَثِیْرًا وَاِنَّہٗ لَا یَغْفِرُالذُّنُوْبَ اِلَّا اَنْتَ فَاغْفِرْلِیْ مَغْفِرَۃً مِّنْ عِنْدِکَ وَارْحَمْنیْ اِنَّکَ اَنْتَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْم ۔ تم سورۃ المومنون بفضلہ و منہ و حسن توفیقہ ونرجو منہ اکمال بقیہ الفوائد۔