کفار کےدلوں پر مسلمانوں کا رعب
یعنی یہ تو تمہار امتحان تھا۔ اب ہم کافروں کے دلوں میں ایسی ہیبت اور رعب ڈالدیں گے کہ وہ باوجود تمہارے زخمی اور کمزور ہونے اور نقصان اٹھانے کے تم پر پلٹ کر حملہ کرنے کی جرآت نہ کر سکیں۔ چنانچہ یہ ہی ہوا۔ ابو سفیان اپنی فوج لے کر بےنیل و نرام میدان سے بھاگا۔ راستہ میں ایک مرتبہ خیال بھی آیا کہ ایک تھکی ماندی زخم خوردہ فوج کو ہم یوں ہی آزاد چھوڑ کر چلے آئے چلو پھر واپس ہو کر ان کا کام تمام کر دیں۔ مگر ہیبت حق اور رعب اسلام کے اثر سے ہمت نہ ہوئی کہ اس خیال کو عمل میں لا سکے۔ بر خلاف اس کے مسلمان مجاہدین نے "حمراء الاسد" تک ان کا تعاقب کیا۔ اور اس کے بعد کبھی موقع نہ دیا کہ احد کے واقعات کا اعادہ ہو سکے۔ (تنبیہ) مشرک خواہ کتنا ہی زور دکھلائے اس کا دل کمزور ہوتا ہے۔ کیونکہ وہ کمزور مخلوق کی عبادت کر تا ہے۔ بس جیسا معبود ویسے عابد ضَعُفَ الطَّالِبُ وَ الۡمَطۡلُوۡبُ (الحج۔۷۳) اور ویسے بھی اصلی زور و قوت تو فی الحقیقت خدا کی تائید و امداد سے ہے جس سے کفار مشرکین یقینًا محروم ہیں اسی لئے جب تک مسلمان مسلمان رہے ہمیشہ کفار ان سے خائف و مرعوب رہے۔ بلکہ ہم آج تک مشاہدہ کرتے ہیں کہ باوجود مسلمانوں کے سخت انتشار و تشتت اور ضعف و تنزل کےدنیا کی تمام کافر طاقتیں اس سوئے ہوئے زخمی شیر سے ڈرتی رہتی ہیں اور ہمیشہ فکر رکھتی ہیں کہ یہ قوم بیدار ہونے نہ پائے۔ علمی اور مذہبی مناظروں میں بھی اسلام کا یہ ہی رعب مشاہدہ کیا جاتاہے۔ حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا کہ میرا رعب ایک مہینہ کی مسافت سے دشمنوں کے دل میں ڈال دیا جاتاہے بیشک اسی کا اثر ہے جو امت مسلمہ کو ملا۔ فللہ الحمد علی ذلک ولہ المنتہ۔