غیر معمولی واقعات کی توجہیہ
یعنی اس کی قدرت و مشیت سلسلہ اسباب کی پابند نہیں۔ گو اس عالم میں اس کی عادت یہ ہے کہ اسباب عادیہ سے مسببات کو پیدا کرے لیکن کبھی کبھی اسباب عادیہ کے خلاف غیر معمولی طریقہ سے کسی چیز کا پیدا کر دینا بھی اس کی خاص عادت ہے۔ اصل یہ ہے کہ مریم صدیقہ کے پاس خوارق عادت طریقہ سے رزق کا پہنچنا اور بہت سے غیر معمولی واقعات کا ظہور پذیر ہونا یہ دیکھ کر مریم کے حجرہ میں بےساختہ حضرت زکریاؑ کا دعا مانگنا، پھر ان کو اور ان کی بانجھ عورت کو بڑھاپے میں غیر معتاد طور پر اولاد ملنا ان سب نشانات کو قدرت کی طرف سے اس عظیم الشان آیت الہٰیہ کی تمہید سمجھنا چاہیئے جو مریم کے وجود سے بدون قربان زوج مستقبل قریب میں ظاہر ہونے والی تھی۔ گویا حضرت یحیٰیؑ کی غیر معتاد ولادت پر کَذٰلِکَ اللّٰہُ یَفۡعَلُ مَا یَشَآءُ فرمانا تمہید تھی کَذٰلِکِ اللّٰہُ یَخۡلُقُ مَا یَشَآءُ کی جو آگے حضرت مسیحؑ کی غیر معتاد ولادت کے سلسلہ میں آیا چاہتا ہے۔